صدرپاکستان کی پوتی کی شادی رکوانےکیلئےسپریم کورٹ میں درخواست دائر

اسلام‌آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) صدرمملکت ممنون حسین کی پوتی کی شادی گورنرہاؤس کراچی میں ہونے سے رکوانے کے لیے سپریم کورٹ میں درخواست دائر کردی گئی۔

درخواست گزار محمود اختر نقوی نے سپریم کورٹ کی کراچی رجسٹری میں دائر درخواست میں مؤقف اختیارکیا ہے کہ صدر مملکت کی پوتی کی شادی کے اخراجات سرکاری خزانے سے استعمال کیے جارہے ہیں۔دائر درخواست میں الزام عائد کیا گیا ہے کہ گورنرہاؤس کی سجاوٹ اور دیگر امور پرلاکھوں روپے خرچ کیے گئے ہیں۔ عدالت عظمیٰ سے درخواست گزار نے استدعا کی ہے کہ سرکاری خزانے سے کیے گئے اخراجات واپس لیے جائیں۔

درخواست گزار نے موقف اپنایا کہ صدر مملکت ممنون حسین کی پوتی ہدیٰ عدنان شادی خانہ آبادی 24 جون کو احمد فرید الدین سے ہونا قرارپائی ہے، ہدیٰ عدنان کی شادی کے لیے جو دعوت نامے چھپوائے گئے ہیں ان پر تمام مہمانان کو گورنرہاؤس مدعو کیا گیا ہے، حیرت انگیز طور پر شادی کارڈز پہ سرکاری لوگو بھی چھپوایا گیا ہے۔