نواز لیگ کے لائرزونگ نے اپنی پارٹی وابستگی کی وضاحت کر دی

لاہور(سٹیٹ ویوز)مسلم لیگ نواز لائرز ونگ کے عہدیداروں نے کہا ہے کہ عدلیہ کو بدنام کرنے میں وکلاء برادری ن لیگ کے ساتھ نہیں، قانون کی بالادستی اور عدلیہ کے ساتھ کھڑے ہیں،پوری قوم عدلیہ اور تمام اداروں کے ہاتھ مضبوط کرے تاکہ فری اینڈ فیئر الیکشن ہو سکیں ۔

تفصیلات کے مطابق لاہور پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مسلم لیگ ن لائرز ونگ کے عہدیداروں کا کہنا تھا عدلیہ کو بدنام کرنے میں وکلاء پاکستان مسلم لیگ ن کیساتھ نہیں ہیں،وکلا برادری آئین اور قانون کی بالادستی اور رول آف لا کی سربلندی کے لئے سپریم کورٹ کے ساتھ کھڑی ہے ،ہمارے ملک میں ادارے مضبوط ہونے چاہئیں ، شریف فیملی کی بیرون ملک جائیداد میں کسی ادارے کا ہاتھ کیسے ہوسکتا ہے؟ ۔مسلم لیگ ن لائرزونگ کے عہدیدران نے مزید کہا کہ قانون کی بالادستی اور عدلیہ کے ساتھ کھڑے ہیں،عدلیہ کو دبانے کی کسی بھی کوشش کی مخالفت کرینگے۔انہوں نے کہا کہ جو لوگ عدلیہ کے خلاف تنقید کرتے ہیں اور مختلف قسم کی افواہیں پھیلاتے ہیں وہ اپنے عزائم میں ناکام ہوں گے ،اس وقت مناسب وقت ہے کہ پوری قوم عدلیہ اور اداروں کا ساتھ دے کیونکہ بظاہر یہ نظر آتا ہے کہ تمام ادارے فری اینڈ فیئر الیکشن کے لئے سر گرم ہیں ۔