پاکستانی فوج دنیا کی عظیم فوج ہے ، سابق آرمی چیف جنرل راحیل شریف

ریاض (راجہ عابد عزیز+سٹیٹ ویوز) سابق آرمی چیف جنرل راحیل شریف کا کہنا ہے کہ پاکستان ابھرتی ہوئی اقتصادی طاقت ہے اور پاکستانی فوج دنیا کی عظیم فوج ہے، جس نے ہمیشہ ملکی سلامتی کو یقینی بنایا ہے۔

تفصیلات کے مطابق سفارت خانہ پاکستان میں بزم ریاض کی جانب سے یوم آزادی کی رنگارنگ تقریب منعقد ہوئی، اس رنگا رنگ آزادی کی تقریب میں جہاں پاکستانی کیمونٹی پرجوش تھی وہیں پر سفارتی عملے کے ساتھ ساتھ اسلامی عسکری اتحاد کے کمانڈر اور سابق آرمی چیف جنرل راحیل کی خصوصی شرکت نے بھی تقریب کو چار چاند لگا دئیے۔

تقریب سے اپنے خطاب میں جنرل راحیل شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان دنیا کا اہم ترین ملک ہے اس کی عوام ایک آزاد اور خودمختار ملک کے اندر زندگی بسر کر رہی ہے۔

سابق آرمی چیف نے کہا کہ پاکستان ابھرتی ہوئی اقتصادی طاقت ہے، جو آئندہ چند سالوں میں دنیا بھر میں ترقی کی نئی منازل طے کرے گی، پاکستان کا نوجوان نا صرف با صلاحیت ہے بلکے چیلنجز سے نبر ازما ہونے کا بھی بھرپور جذبہ رکھتا ہے۔

پاکستانی فوج دنیا کی عظیم فوج ہے جس نے ہمیشہ ملکی سلامتی کو یقینی بنایا ہے، پاکستان کی ترقی و خوشحالی کے لئے ہمیں بحیثیت قوم ملکر کام کرنا ہوگا تاکہ ہم ترقی یافتہ ممالک کہ صف میں کھڑے ہوسکیں

اوورسیز پاکستانیوں کے حوالے سے جنرل راحیل شریف کا کہنا تھا کہ ملک سے باہر ہر پاکستانی ملک کا سفیر ہے اسے چاہیے کہ وہ اپنے اچھے اور اعلی کردار کے ساتھ ملک کا نام روشن کرے۔