sarwar-met-ji-ajk

جماعت اسلامی آزادکشمیرکی گورنرپنجاب چوہدری سرورکومبارکباد

لاہور(سٹیٹ ویوز) کنونیئر کل جماعتی کشمیررابطہ کونسل ممبر قانون ساز اسمبلی و سابق امیرجماعت اسلامی عبدالرشید ترابی نے گورنر پنجاب چوہدری سرور سے ملاقات کی ،مسئلہ کشمیرسمیت اہم امور پر تبادلہ خیال کیا،نئی ذمہ داریاں سنبھالنے پر مبارک باد پیش کی.

اس موقع پر سابق سیکرٹری جنرل محمود الحسن چوھدری اور سردار مقصود طاہر بھی ہمراہ تھے،ملاقات میں عبدالرشید ترابی نے گورنر پنجاب کو مقبوضہ کشمیرکی صورت حال سے آگاہ کیا نیز کوٹلی ستیاں،آزاد پتن اور ہولاڑ میں کشمیری ٹرانسپورٹراور مسافروں کو لوٹنے کی وارداتوں سے بھی آگاہ کیااورکہاکہ اس کا فوری تدراک کیا جائے اس سے نفرت کا ماحول پیدا ہوتا.

عبدالرشید ترابی نے کہاکہ دراصل کشمیر کی تحریک محض کشمیر کی آزادی کی ہی نہیں بلکہ پاکستان کے دفاع اور تکمیل کی جنگ ہے ۔ اسی لیے قائد اعظم نے کشمیر کو پاکستان کی شہ رگ قرار دیا ہے۔ چیئرمین پارلیمانی کشمیر کمیٹی اور وزیر امور کشمیر ایسے افراد مقرر کیے جائیں جن کی اس کاز سے وابستگی ہو اور حریت کانفرنس کے لیے بھی قابل قبول ہوں ۔محض خانہ پری نہ کی جائے ۔

اس موقع پر گورنر نے عبدالرشید ترابی کو یقین دلایاکہ آزاد کشمیرسے پاکستان داخل ہونے والے راستوں کو محفوظ بنانا میری ذمہ داری ہے میں آج ہی اس حوالے سے متعلقہ انتظامیہ کو ہدایات جاری کرتا ہوں۔مسئلہ کشمیرہماری حکومت کی ترجیح اول ہے ،بطور برطانوی ممبر پارلیمنٹ مسئلہ کشمیرکو ہر فورم پرا جاگر کیا.