ICC

ہرجانہ وصولی کیس:پاکستان نے آئی سی سی کو جواب جمع کرادیا

کراچی(نیوزڈیسک)ہرجانہ وصولی کیس میں پاکستان نے آئی سی سی کو اپنا تحریری جواب جمع کرادیا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے آئی سی سی کو بھارت کے ساتھ باہمی سیریز کی منسوخی پر ہرجانے کے کیس میں اپنا تحریری جواب جمع کرادیا ہے، آئی سی سی کے ڈسپیوٹ پینل نے پی سی بی اور بھارتی کرکٹ بورڈ کو اپنا تحریری جواب جمع کرانے کیلیے ایک ہفتے کا وقت دیا تھا۔

پاکستان بورڈ نے اپنے جواب میں واضح کیا کہ بھارت کی جانب سے دونوں ممالک کے درمیان باہمی سیریز کے حوالے سے کیے جانے والے معاہدے کی پاسداری نہ کرنے سے اسے کثیر مالی نقصان برداشت کرنا پڑا ہے۔

پی سی بی نے اپنے تحریری جواب میں یہ بھی لکھا کہ بی سی سی آئی کے ساتھ سیریز کے حوالے سے جو معاہدہ ہوا تھا اس میں کہیں پر بھی حکومتی اجازت کا ذکر نہیں یا شق شامل نہیں تھی۔

یاد رہے کہ آئی سی سی کے ڈسپیوٹ پینل نے معاملے کی تین روزہ سماعت رواں ماہ کے آغاز میں کی تھی، جس کے بعد فیصلے کو محفوظ کرلیا گیا۔

دونوں بورڈز کے درمیان تنازع اپریل 2014 میں طے پانے والے ایک معاہدے کا ہے جس کے تحت بی سی سی آئی نے پاکستان کے ساتھ باقاعدگی سے باہمی سیریز کھیلنے کا وعدہ کیا تھا مگر بعد میں اس نے اس کی پاسداری نہیں کی جس کی وجہ سے پی سی بی نے کھیل کی عالمی گورننگ باڈی میں ایک نوٹس آف ڈسپیوٹ جمع کرایا تھا جس میں بی سی سی آئی سے نقصان کی تلافی کا مطالبہ کیا گیا تھا، پاکستان بورڈ کی جانب سے دو منسوخ شدہ سیریز کیلیے 70 ملین ڈالر ہرجانے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔