مولانا سعیدیوسف اورپیرعلی رضا بخاری کی اہم ملاقات

اسلام آباد (سٹیٹ ویوز) جمعیت علمائےاسلام آزاد جموں وکشمیر کے امیر،ممتازعالم دین مولانا سعید یوسف نے آستانہ عالیہ پیران بساہاں شریف کا دورہ کیا جہاں پہنچنے پر سجادہ نشیں درگاہ بساہاں شریف ممبر آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی پیر علی رضا بخاری نے ان کا استقبال کیا.

اس موقع پر دونوں علماءکے درمیان ملاقات ہوئی جس میں باہمی دلچسبی کے امور خصوصا 17 اکتوبر کو مظفر آباد میں منعقد ہو نے والی پیغام پاکستان علماء مشائخ کانفرنس پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا اوراس پر اتفاق کیا گیا کہ علما مشائخ کانفرنس معاشرہ میں امن محبت رواداری کے لئے سنگ میل ثابت ہو گی اور معاشرے میں امن و آشتی کے لئے اس طر ح کے کانفرنسز وقت کا تقاضا ہے.

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے مولانا سعید یوسف نے کہا کہ اصلاح معاشرہ کے لئے سب سے موثر کردار علما ومشائخ کا ہے ، نیک مقاصد کے حصول کے لئے دینی قوتوں کو بہر صورت متحد ہونا ہوگا . دینی قوتوں کو نظر انداز کر کےاصلاح و سدھار کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہو سکتا۔ پیر علی رضا نے کہا کہ پیغام پاکستان کانفرنس معاشرے میں برائیوں کے خلاف اور امن و محبت کے فروغ میں انقلابی کردار ادا کرے گی۔ اس پیغام پاکستان علماء ومشائخ کانفرنس کے انتظامات مکمل ہیں اور آزاد کشمیر بھرسے علماء، مشائخ اورعوام بڑھ چڑھ کر دلچسپی لے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ معاشرے میں مثبت تبدیلیوں کے لئے دینی طبقے کو آگے بڑھ کے رہنمائی جاری رکھنی ہوگی.