پیغام جناب راجہ مشتاق احمد منہاس وزیراطلاعات آزادحکومت ریاست جموں وکشمیر

بسم اللہ الرحمان الرحیم

آزاد حکومت ریاست جموں وکشمیر کے 71ویں یوم تاسیس کے موقع پر میں پوری کشمیری قوم کو مبارکباد پیش کرتا ہوں اور اس عزم کا اعادہ کرتا ہوں کہ مقبوضہ جموں وکشمیر کی بھارتی تسلط سے آزادی اور اس کے پاکستان کے ساتھ مکمل الحاق تک ریاست کی موجودہ حکومت دامے ، درمے اور سخنے برسر پیکار رہے گی ۔

آزاد جموں وکشمیر میں مسلم لیگ ن کی عوامی حکومت کا قیام وزیر اعظم راجہ محمد فاروق حیدرخان کی سربراہی میں عمل میں آیا جس کی ترجیح اول تحریک آزادی کشمیر ہے۔ مسئلہ کشمیر عالمی سطح پر مرکزی اہمیت حاصل کر چکا ہے جس کو حل کرنے کے سوا اب کوئی چارہ کار باقی نہیں ہے ۔ میںاس موقع پر تحریک آزادی کشمیر کے ان غیور جانثاروں کو سلام عقیدت پیش کرتا ہوں جنہوں نے آزادی کی تحریک میں اپنی جانوں کے نذرانے پیش کیے ۔یہ انہی شہداء کی قربانیوں کا ثمر ہے کہ ہم ریاست کے ایک حصے کو بھارتی فوج سے آزاد کرانے میں کامیاب ہوئے اور باقی ماندہ ریاست کو بھارتی فوج کے شکنجے سے آزاد کرانے کیلئے میدان عمل میں موجود ہیں ۔ کشمیر کی آزادی کا علم اب پوری قوم نے تھام لیا ہے اس لیے کشمیریوں کی آزادی کو کوئی بھی روک نہیں سکتا ہے ۔ میرا ایمان ہے کہ بھارت کو جلد یا بدیرکشمیر چھوڑنا ہوگا اسے کشمیری عوام کی آواز کو سننا ہوگا اسے الحاق پاکستان کی خواہش کے آگے سر تسلیم خم کرنا ہوگا۔

آزادی کے اس بیس کیمپ سے مقبوضہ ریاست کی حریت قیادت اور نہتے عوام کو بھرپور تعاون فراہم کیا جاتا رہے گا اس سلسلے میں آزاد کشمیر حکومت اپنا بھرپور کردار اد کررہی ہے ۔ کشمیرجنت نظیر کا بڑا حصہ اب بھی بھارتی جبر و استبداد کے پنجوں میں ہے ۔ کشمیر کی بیٹیاں ، مائیں ، بہنیں ، معصوم اور عمر رسیدہ کشمیری عالمی منصفوں کو پکاررہے ہیں اور کشمیرمیں بہتے ہوئے خون ناحق کے نوحوں اور المیوں کا شور سننے کیلئے صدائیں دے رہے ہیں مگر دنیا کے منصف ناجانے کب متوجہ ہونگے ۔ 24اکتوبر1947صدیوں کی قربانی کے روشن سویرے کا نام ہے جسے لاکھوں کشمیریوں نے اپنے لہو سے منور کیا ہے ۔

آج بھی کشمیریوں کی جدوجہد جاری ہے ۔ لاکھوں کشمیری تحریک آزادی کو اپنے لہو سے سیراب کر چکے ۔ بھارت نے تمام تر مظالم آزما لیے مگر وہ کشمیر ی عوام کے جذبہ حریت میں کمی نہ لاسکا ہے اور نہ آئندہ بھی لا سکے گا ۔ اقوام متحدہ او آئی سی ، یورپین پارلیمنٹ ، ایمنسٹی انٹرنیشنل اور ایشیا واچ بھارتی مظالم پر اپنی تشویش کااظہار کر چکے مگر بھارت ہے کہ ٹس سے مس نہیں ہورہا ۔ بھارت طاقت کے زور پر کشمیری عوام کے جذبہ حریت کو نا تو دبا سکتا ہے اور اس میں کمی لا سکتا ہے ۔ہم بھارت سے ہر صورت آزادی لیکر رہیں گے اور الحاق پاکستان کی منزل حاصل کر کے شہداء کے مشن کو پورا کرینگے ۔میں اس موقع پر مقبوضہ کشمیر کی نڈر حریت قیادت اور عوام کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کرتا ہوں کہ آزادی کے جلتے دیپ جبر کے تمام تر طوفانوں کے باوجود بجھائے نہ جا سکیں گے ۔آزادی کا روشن سویرہ کشمیر کے لالہ زاروں میں طلوع ہو کر رہے گا ۔

پاکستان پائندہ باد ، آزاد جموں وکشمیر زندہ باد

PAID CONTENT