گوادر دلہن کی طرح سج گیا،ایشیائی پارلیمانی کانفرنس شروع

گوادر(سٹیٹ ویوز) ایشیائی پارلیمانی رہنمائوں کی کانفرنس گوادرمیں شروع ہو گئی،26 ایشیائی ممالک سے پارلیمانی رہنما اور مندوبین شرکت کریں گے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق ایشیائی پارلیمانی رہنمائوں کی کانفرنس میں 26 ایشیائی ممالک سے پارلیمانی رہنما اور مندوبین شرکت کریں گے،

سینیٹ آف پاکستان کے زیراہتمام منعقد ہونے والی کانفرنس کے حوالے سے تمام انتظامات اور تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔انتظامات کاجائزہ لینے کے لئے چیئرمین سینیٹ میر محمد صادق سنجرانی اور سینیٹ حکام گوادر پہنچ چکے ہیں اور کانفرنس میں شرکت کے لئے مختلف ممالک سے مندوبین کی آمد کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے۔

دوسر ی جانب گوادر میں ایشیائی پارلیمانی کانفرنس کے حوالے سے تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں، گوادر شہر کو خوبصورت طریقے سے سجا دیا گیا ہے جبکہ گوادر ایئرپورٹ سے شہر آنے والی سڑک سمیت مختلف مقامات پر قومی پرچم کے علاوہ کانفرنس میں شرکت کرنے والے ممالک کے پرچم بھی آویزاں کئے گئے ہیں ۔

گوادر کے مختلف مقامات پر پاکستان کی علاقائی ثقافت کے رنگ بھی نمایاں ہیں، یہ ایشیائی پارلیمانی کانفرنس 31اکتوبر تک جاری رہے گی۔ایشیائی پارلیمانی اسمبلی کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل ڈاکٹر خرم علی کی سیکرٹری سینیٹ امجد پرویز ملک سے ملاقات کی ۔

ایشیائی پارلیمانی اسمبلی کی سیاسی امور کی کمیٹی اور ایشیائی پارلیمان کے قیام کی خصوصی کمیٹی کے اجلاس کے انعقاد پر تبادلہ خیال کیا گیا۔بین الپارلیمانی یونین کے سیکرٹری جنرل اور اے پی اے کے سیکرٹری جنرل ایشیائی پارلیمانی اسمبلی کی کمیٹی برائے سیاسی امور اور ایشیائی پارلیمان کی خصوصی کمیٹی کے اجلاس میں شرکت کیلئے گوادر پہنچ گئے ۔

قائمقام صدر محمد صادق سنجرانی ،سیکرٹری سینیٹ امجد پرویز ملک اور اعلیٰ حکام نے استقبال کیا۔ سینیٹ میں قائدا یوان سینیٹر شبلی فراز بھی ان کے ہمراہ تھے ۔ ترکی ، اردن ، بحرین اور دیگر ممالک سے بھی وفود گوادر پہنچ گئے ۔امجد پرویز ملک نے بتایا کہ انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے ۔کانفرنس کے کامیابی سے انعقاد کیلئے وفاقی ، صوبائی حکومتوں، مقامی انتظامیہ اور متعلقہ اداروں کی جانب سے بھر پور تعاون مل رہا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ مندوبین کیلئے تمام انتظامات اور سہولیات فراہم کر دی گئی ہیں ۔ایشیائی پارلیمانی اسمبلی کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل نے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا ۔ ایشیائی پارلیمانی اسمبلی کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل ڈاکٹر خرم علی نے کہا کہ اے پی اے کے فورم پر سینیٹ نے ہمیشہ موثر کردار ادا کیا ہے ۔گوادر میں اپنی نوعیت کی پہلی اور حجم کے لحاظ سے سب سے بڑی بین الاقوامی اجلاس کی تیاریاں زور شور سے جاری ہیں اور آخری مراحل میں داخل ہو چکی ہیں۔ پورا شہر اس کانفرنس کیلئے منتظر اور تیار ہے۔