چیف جسٹس کا دورہ پاکستان کے مستقبل کیلئےسنگ میل ثابت ہوگا، ساجد علی ملک

اسلام آباد(سٹیٹ ویوز)مسلم کانفرنس کے مرکزی رابطہ سیکرٹری ساجد علی ملک اورمرکزی سیکرٹری عبدالخالق قادری اورسنیئر نائب صدرعوامی مسلم لیگ برطانیہ حاجی محمد منیر نے چیف جسٹس میاں ثاقب نثار کا برطانیہ آمد پر خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ چیف جسٹس نے ہراہم قومی اورحساس مسئلے پر جس طرح دلیرانہ حقائق پر مبنی اورجراتمندی سے فیصلے کئے ہیں ۔ اس پر ہم انہیں سلام پیش کرتے ہیں ۔

اس سے عام آدمی کا اعلیٰ عدالتوں پر اعتماد بحال ہوا ہے ۔ چیف جسٹس نے پاکستان میں پانی کی کمی خاطر جس طرح بھاشاڈیم کی تعمیر کیلئے فنڈ ریزنگ کےلئے قوم کو متحرک کیا ہے اس پر نہ صرف پاکستان میں اورسیز پاکستانیوں نے دل کھول کر عطیات جمع کروانے شروع کردیئے ہیں..

ان رہنمائوں نے میاں ثاقب نثار کے دورہ برطانیہ پر ڈیم فنڈریزنگ کو پاکستان کے مستقبل کیلئے سنگ میل قرار دیتے ہوئے کہا کہ چیف جسٹس کے قومی ترقی کے ان اقدامات کو پوری قوم کی مکمل حمایت حاصل ہے اوربرطانیہ میں مقیم اورسیز پاکستانی بھرپور معاونت کریں۔

چیف جسٹس 22 نومبر کو لائرفورم کی جانب سےمنعقدہ تقریب میں شرکت کرینگے جبکہ 25نومبرکو پاکستان یوکے چیمبر آف کامرس کی طر ف سے فنڈریزنگ تقریب کا اہتمام کیا گیا جس کے تمام ٹکٹ فروخت ہوچکے ہیں۔ دوسری جانب مسلم کانفرنس اورعوام مسلم لیگ کے رہنمائوں کا کہنا ہے کہ جن لوگوں کو چیف جسٹس سے ملنے کا موقع نہیں ملے گا وہ بھی قومی مفاد کومدنظررکھتے ہوئے فنڈریزنگ کو کامیاب بنائیں۔

ساجدعلی ملک نے سٹیٹ ویوز سے بات کرتے ہوئے کہا کہ مسلم کانفرنس برطانیہ اوریورپ سردار عتیق احمد خان کی ہدایت پر چیف جسٹس کے دورہ برطانیہ کو کامیاب بنانے کیلئے متحرک ہوچکی ہےاورچیف جسٹس کے دورہ برطانیہ کو کامیاب بنانے کیلئے تمام ترصلاحیتیں بروئے کار لارہے ہیں ۔