آزادکشمیرکےتین اضلاع میں فائرفائٹرگاڑیاں اورایمبولینسزکی فراہمی کا سلسلہ شروع

مظفرآباد (سٹیٹ ویوز) ریسکیو 1122کے زیر اہتمام ورلڈ بنک کے تعاون سے لائن آف کنٹرول پر واقع آزاد کشمیر کے تین اضلاع میں فائر فائٹر گاڑیاں اور ایمبولینسز کی فراہمی کا سلسلہ شروع ‘ پہلے مرحلے میں حویلی کہوٹہ کے لئے ایک کروڑ 30لاکھ روپے مالیت کی فائر فائٹر گاڑی کی چابیاں حلقہ کے ممبر اسمبلی وزیر مواصلات و ورکس چوہدری محمد عزیز کے سپرد کر دی گئی ‘ سیکرٹری ایس ڈی ایم اے و 1122سید شاہد محی الدین قادری اور پراجیکٹ ڈائریکٹر انصر یعقوب نے فائر فائٹر گاڑی کی چابی چوہدری محمد عزیز کے حوالے کی ۔

اس موقع پر سیکرٹری ایس ڈی ایم اے و پی ڈی انصر یعقوب نے بتایا کہ آزاد کشمیر کے وہ اضلاع جہاں ریسکیو 1122کی سہولت نہیں ہے وہاں ورلڈ بینک کے تعاون سے ایک ایک فائٹر گاڑی اور دو دو ایمبولینسز کی فراہمی کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ فائر فائٹر گاڑیاں آزاد کشمیر پہنچ چکی ہیں جبکہ ایمبولینسز میں ضروری طبعی سازو سامان نصب کیا جارہا ہے ۔ فائر فائٹر گاڑیوں پر 3کروڑ 90لاکھ روپے لاگت آئی ہے اور یہ نیلم باغ اور حویلی کہوٹہ میں فراہم کی جارہی ہیں۔

لائن آف کنٹرول پر واقع علاقے حویلی کہوٹہ ، باغ اور نیلم میں بھارتی گولہ باری و فائرنگ کے علاوہ آتشزدگی کے واقعات میں بھاری نقصان ہورہا تھا حکومت آزاد کشمیر نے اس ضرورت کو محسوس کرتے ہوئے محکمہ ایس ڈی ایم اے کے ذریعہ فوری انتظامات کئے ہیں ۔ محکمہ ایس ڈی ایم اے کو یہ ذمہ داری سونپی گئی ہے کہ وہ ان علاقوں میں ایمبولینس سروس اور فائر فائٹر گاڑیاں ترجیحاً فراہم کرے ۔ ورلڈ بنک آزاد کشمیر میں اس طرح کی ضروریات کیلئے 25ملین روپے فراہم کررہا ہے ۔ ریسکیو 1122کی 52آسامیاں نارمل میزانیہ پر منتقل کی جارہی ہیں جبکہ نیلم ، حویلی کہوٹہ اور باغ میں فراہم کردہ فائر فائٹر گاڑیوں اور ایمبولینسز کیلئے انتظامی فنڈ ایک سال تک ایس ڈی ایم اے فراہم کرے گا اس کے بعد یہ ذمہ داریاں حکومت کے سپرد ہوجائیں گی ۔

اس موقع پر صحافیوں کیساتھ بات چیت کے دوران وزیر مواصلات وورکس چوہدری محمد عزیز نے کہا کہ لائن آف کنٹرول پر ہنگامی صورتحال سے نمنٹے کیلئے فائر فائٹر گاڑیوں اور ایمبولینسز کی فراہمی وزیراعظم راجہ فاروق حیدر خان کی سوچ و فکر اور ویژن کی آئینہ دار ہے ۔ حکومت نے ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے جامع پالیسی ترتیب دی ہے وہ علاقے جہاں ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے کوئی سہولت نہیں تھی وہاں فائر فائٹرز گاڑیوں اور ایمبولینسز کی فراہمی احسن اقدام ہے جس کے لئے ہم وزیراعظم راجہ فاروق حیدر خان ، نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی اور ایس ڈی ایم اے کے شکر گزار ہیں ۔

اگلے مرحلے میں بہت جلد ایمبولینسز کی فراہمی کا عمل مکمل ہوجائے گا ۔ حویلی کہوٹہ ، نیلم ویلی اور باغ جیسے دور افتادہ اور پسماندہ علاقوں میں سانحات سے نمنٹنے کیلئے محکمہ ایس ڈی ایم اے نے جو قدم اٹھایا ہے وہ ہر لحاظ سے قابل ستائش ہے ۔ حویلی کہوٹہ کی فائر فائٹر گاڑی حویلی روانہ کردی گئی ہے جو ڈپٹی کمشنر حویلی کہوٹہ کے آفس کیساتھ منسلک ہوگی ۔ اس سلسلہ میں ضروری عملہ محکمہ ایس ڈی ایم اے نے فراہم کیا ہے جنہیں ہنگامی حالات سے نمنٹنے کی ضروری تربیت بھی دی گئی ہے