انوشکاشرما نے “حمل”کی افواہوں کے حوالے سے خاموشی توڑدی

ممبئی (نیوزڈیسک)بولی وڈ اداکارہ انوشکا شرما نے یوں تو گزشتہ برس دسمبر میں کرکٹر ویرات کوہلی سے شادی کی تھی اور وہ ان دنوں اپنی آنے والی رومانٹک فلم ’زیرو‘ کی تشہیر میں مصروف ہیں۔

اس فلم میں انوشکا شرما دماغی طور پر مفلوج ہوجانے والی سائنسدان خاتون کا کردار ادا کرتی نظر آئیں گی، جب کہ شاہ رخ خان ایک بونے شخص کے کردار میں نظر آئیں گے۔

کترینہ کیف اس فلم میں ایک ڈانسر اور اداکارہ کے طور پر نظر آئیں گی، اس فلم کو رواں ماہ کے آخر تک ریلیز کیے جانے کا امکان ہے۔

تاہم اس فلم سے ہٹ کر انوشکا شرما کے حوالے سے یہ خبریں بھارتی میڈیا میں وائرل ہیں کہ وہ امید سے ہیں۔

اگرچہ انوشکا شرما کے امید سے ہونے کی خبریں گزشتہ چند ہفتوں سے جاری تھیں، تاہم اب اداکارہ نے بھی اس حوالے سے خاموشی توڑ دی۔

انوشکا شرما کے حوالےسے اطلاعات ہیں کہ وہ حمل سے ہیں، تاہم وہ اپنی آنے والی فلم کی ریلیز کی وجہ سے امید سے ہونے کا اعتراف نہیں کر رہیں۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق انوشکا شرما کو ’زیرو’ کی شوٹنگ کے دوران ڈھیلے لباس میں دیکھے جانے سمیت انہیں کم کام کرتے ہوئے دیکھا گیا، جس سے اندازہ لگایا گیا کہ وہ حمل سے ہیں۔

تاہم اب اداکارہ نے ان خبروں پر وضاحت کرتےہوئے حیران کن جواب دیا ہے۔

ٹائمز ناؤ کے مطابق انوشکا شرما نے ایک انٹرویو کے دوران اپنے امید سے ہونے کی خبروں پر حیرانگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ نہ جانے لوگوں کے پاس ایسی خبریں کہاں سے آجاتی ہیں۔انوشکا شرما کا کہنا تھا کہ امید سے ہونا، کوئی عام بات نہیں، جسے چھپایا جاسکے۔

اداکارہ نے وضاحت کی کہ کوئی بھی شخص اپنی شادی کو تو چھپا سکتا ہے، تاہم وہ حمل کو نہیں چھپا سکتا۔