حکمران جماعت مسلم لیگ نوازتجاوزات مافیاکی حمایت میں ڈپٹی کمشنرمظفر آباد کیخلاف میدان میں آگئی

مظفرآباد(سٹیٹ ویوز) دارلحکومت مظفرآباد میں انتظامیہ نے غیر قانونی اڈووں اور تجاوزات کے خلاف آپریشن تیز کر رکھا ہے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ بلدیہ ایڈمنسٹریٹر اور حکمران جماعت مسلم لیگ نواز کے اہم رہنماء ضلعی انتظامیہ کی مخالفت کررہے ہیں اور ڈپٹی کمشنر کی معطلی کا حکومت سے مطالبہ کر رہے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم آزاد کشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان کے احکامات پرمظفرآباد میں کامیابی سے جاری انسداد تجاوزات مہم کو ایڈمنسٹریٹر میونسپل کارپوریشن خواجہ اعظم رسول خود ناکام بنانے کیلیے سرگرم ہوگئے۔ اپر اڈہ چوک کے قریب ایم سی ڈی پی کے تحت اربوں لاگت کی بنائی گئی سڑک پر دوبارہ غیر قانونی سوزوکی اڈہ قائم کرنے کیلئے ایڈمنسٹریٹر بلدیہ درجنوں لیگی کارکنان اور بعض بلدیہ ملازمین سمیت پہنچ گئے اور سڑک پر سوزوکیاں لاکھڑی کردیں اور اڈے کا مستقل آہنی بورڈ نصب کرنے کی کوشش کی قبل ازیں ڈپٹی کمشنر کی ہدایت پر مذکورہ غیر قانونی اڈہ تجاوزات مہم کے دوران ختم کروادیا تھا اڈہ کی وجہ سے اپراڈہ چوک تا عید گاہ روڈ اور سیٹھی باغ و جامعہ کشمیر کی جانب جانے والی ٹریفک میں خلل کے ساتھ پیدل راہگیروں کو بھی مشکلات تھیں۔

تاہم پیر اور منگل کے روز لیگی کارکنان کے ایک گروہ نے اچانک زبردستی دوبارہ اڈہ قائم کرنے کیلئے درجن سے زائد سوزوکیاں لاکھڑی کیں اور حکومت و انتظامیہ کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا جس کی قیادت خود ایڈمنسٹریٹر بلدیہ عظمی اعظم رسول کر رہے تھے جس پر ضلعی انتظامیہ اور پولیس حرکت میں آئی اور مظاہرین کو منتشر کیا گیا اس اپریشن کی قیادت اسسٹنٹ کمشنر مظفرآباد عاصم خالد اعوان کر رہے تھے جبکہ تھانہ سٹی کے ایس ایچ او راجہ سہیل خان تھانہ سول سیکرٹریٹ کے ایس ایچ او راشد حبیب مسعودی اور ایس ایچ او تھانہ صدر شجاع گیلانی مع نفری نے مظاہرین کو منتشر کرکے درجن بھر گاڑیاں ضبط کرلیں۔

گزشتہ روز بلدیہ عظمی مظفرآباد کے ہال میں سرکاری ملازمین۔ سوزوکی مالکان و ڈرایورز سمیت ن لیگی کارکنان حمع ہوئے اور ضلعی انتظامیہ کے خلاف لایحہ عمل طے کیا۔عوامی حلقوں نے تجاوزات آپریشن کے خلاف سازش کرنے اور حکومت و انتظامیہ کے خلاف احتجاجی مظاہرہ و نعرہ بازی پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے بلدیہ و لیگی کارکنان کی اصلاح احوال کا مطالبہ کیا ہے۔معلوم ہوا ہے کہ ڈپٹی کمشنر مظفرآباد مسعود الرحمان کو تیدیل کرانے کیلیے ن لیگی رہنماء اور کارکن سرگرم ہو گئے ہیں اور انکی حوصلہ افزائی وزیر حکومت بیرسٹر افتخار گیلانی کر رہے ہیں۔