وزیر اعلی گلگت بلتستان کی ن لیگی کارکنان سے پر امن رہنے کی اپیل

اسلام آباد(سٹیٹ ویوز) وزیر اعلی گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے کہا ہے ہمارے قائد میاں نواز شریف اور ان کا خاندان پاکستان کی سیاسی تاریخ کے سخت ترین سیاسی انتقام سے گزر رہا ہے ،ذولفقار علی بھٹو کے دورسے لے کر مشرف دور تک ،مشرف دور سے عمران کے دور تک پاکستان کاواحد سیاسی خاندان ہے جس کا ہر دور میں انتقامی احتساب ہوا ہے لیکن اللہ کے فضل و کرم سے ہر آمر اور وقت کے ہر ظالم کے تمام تر مظالم کے باوجود سرخروہوئے ہیں ،اب جو احتساب ہو رہا ہے اسے دنیا کا کوئی بھی انصاف پسند احتساب کا نام نہیں دے سکتا ہاں یہ ضرور سیاسی انتقام ہے اور انتقام بھی ایسا کہ جس کی پاکستان کی سیاسی تاریخ میں مثال نہیں ملتی۔

وزیر اعلی گلگت بلتستان کا مزید کہنا تھا کہ عدالتوں کا احترام ہم کر رہے ہیں کہ وہ کر رہے ہیں قائد محترم کو علم ہے کہ یہ انصاف نہیں انتقام ہے اس کے باوجود عدالتوں کا احترام کرتے ہوئے 183پیشیاں بھگت چکے ہیں۔ افراد ،سیاسی جماعتوں اور قوموں پر آزامائشیں بھی آتی ہیں اور مشکلات بھی ،میاں نواز شریف خاندان پر بھی ظلم کے پہاڑ توڑے گئے ہمیں ادراک ہے یہ مشکل وقت بھی گزر جائے گا اور ہم سرخرو ہوں گے کیونکہ ہم اگر صعوبتیں اور مشکلات سے گزر رہے ہیں تو اپنی زات کے لئے نہیں ملک اور قوم کے لئے مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں ،

وزیر اعلی حفیظ الرحمن نے مسلم لیگ ن کے کارکنوں سے اپیل کہ ہے کہ انتہائی پر امن انداز میں فیصلہ سننے کے لئے آئیں فیصلہ جو بھی آئے کارکن پر امن رہیں کیونکہ مسلم لیگ ن کی تربیت یہ ہے کہ حالات جیسے بھی ہوں امن اور برداشت کا دامن ہاتھ سے جانے نہیں دیتے اس لئے تمام کارکنان آئیں اور پر امن رہیں .