احتساب کا عمل تیز کیاجائیگا ، سینیٹر فیصل جاویدکا پیپلزپارٹی رہنماؤں کی تقاریر پرردعمل

اسلام آباد (سٹیٹ ویوز) تحریک انصاف کے سینیٹر فیصل جاوید نے کہا ہے کہ احتساب کا عمل تیز کیا جائیگا ، یہ اپنے کرتوتوں سے ڈرے ہوئے ہیں،پیپلزپارٹی نے جو ملک کے ساتھ کیا وہ دشمن بھی نہیں کرسکتا، خود امیر سے امیر تر اور قوم کوغریب کردیا ۔

اے آروائی نیوز کے مطابق پیپلز پارٹی کے رہنماؤں کی تقاریر پر ردعمل دیتے ہوئے سینیٹر فیصل جاوید نے کہا کہ ماضی میں دو جماعتوں نے چارٹر آف کرپشن کررکھا تھا، تحریک انصاف کی حکومت نے کرپشن، منی لانڈرنگ کی روک تھام کی ہے ،انہوں نے کہا کہ یہ آج اپنے کرتوتوں سے ڈرے ہوئے ہیں ، جے آئی ٹی نے ان کی کرپشن کو کھول کر سامنے رکھ دیا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ کہ ماضی میں کرپشن چھپانے کے لئے قانون سازی ہوتی رہی ہے، احتساب کے عمل کو مزید تیز کیا جائے گا، منی لانڈرنگ کرکے جائیداد بنانے والوں کے پیچھے جائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ چارٹرڈ آف کرپشن مسلم لیگ ن اور پیپلزپارٹی کی ڈیل تھی ، آنیوالا وقت پاکستان کے لئے سب سے زبردست ہوگا ، اس سے قبل یہاں اس لئے قانون سازی ہوتی رہی ہے کہ کرپشن کس طرح کرنی ہے ۔