john ibrahim

جان ابراہم نے مکیش امبانی کی بیٹی کی شادی میں ناچنے والوں کی کلاس لے لی

ممبئی(نیوزڈیسک) بالی ووڈ کے ایکشن ہیرو جان ابراہم کا کہنا ہے کہ شادیوں میں پیسوں کی خاطر ناچ نہیں سکتا کیوں کہ یہ اپنا وقار کھودینے کے مترادف ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق جان ابراہم نے کھرب پتی صنعت کار مکیش امبانی کی بیٹی کی شادی میں ناچنے والے فنکاروں پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ’میں اُن اداکاروں میں سے نہیں ہوں جو پیسوں کی خاطر دوسروں کی شادیوں میں ناچنا شروع ہوجاتے ہیں درحقیقت یہ اپنی عزت و وقار کھو دینے کے برابر ہے۔‘

جان ابراہم نے کہا کہ ’ایک فنکار کی حیثیت سے آپ کو یہاں اپنی مہارت دکھانا ہوتی ہے لیکن آخر آپ کتنی دولت کمانا چاہتے ہیں؟ زیادہ معاوضے والے فنکاروں کی بلند ترین فہرست میں شامل ہونا کیوں ضروری ہے؟ اُن شائقین کا کیا ہوگا جنہیں آپ بے کار شے دکھا کر لوٹ رہے ہیں‘۔

اداکار کا کہنا ہے کہ ’ میرا ہرگز یہ مطلب نہیں کہ میں ٹھیک ہوں لیکن میں سب کچھ نہیں کرنا چاہوں گا کیوں کہ میں نے ہمیشہ ہی کام اور نام کے لیے سخت محنت کی ہے، میری خواہش ہے کہ دیگر اداکار بھی پیسوں کی لت اور کیفیت سے باہر نکلنے کی کوشش کریں‘۔

واضح رہے کہ بھارت کے امیر ترین تاجر مکیش امبانی کی بیٹی ایشا امبانی کی شادی کو دنیا کی مہنگی ترین شادیوں میں شمار کیا جاتا ہے جس میں دنیا بھر سے بلائے گئے مہمانوں کو شرکت کے لیے 100 چارٹرڈ طیاروں میں لایا گيا۔ تقریب میں بالی ووڈ کی تمام ہی بڑی شخصیات نے خطیر معاوضہ لے کر نہ صرف شرکت کی بلکہ رقص بھی کیا تھا۔