Salman

سلمان خان کے والد نے اپنے بچوں کا شرمناک پول کھول دیا

ممبئی(نیوزڈیسک) بالی ووڈ کے سلطان سلمان خان کے والد نے انکشاف کیا ہے کہ ان کے تینوں بیٹےسلمان، ارباز اورسہیل خان امتحان پاس کرنے کے لیے لیک ہونے والے پیپرز کا سہارالیتے تھے۔

دبنگ اداکار سلمان خان اپنے دونوں بھائیوں ارباز، سہیل اور اپنے والد سلیم خان سمیت کپل شرما شو کے مہمان بنے جہاں ان کے والد نے اپنے تینوں بیٹوں کی پول کھولتے ہوئے ان کے اسکول کے زمانے کا ایک دلچسپ قصہ سنایا۔

سلیم خان نے کہا ’’ہمارے گھر ایک آدمی آتاتھاجس کا نام گنیش تھا، جب بھی وہ آتاتھا میرے تینوں بیٹے اس کی بہت عزت کرتے تھے، گنیش آیا، اس کو چائے پلاؤ، اس کو بیٹھنے کے لیے اسٹول دو، میں نے خود سے کہا کون ہے یہ جسے میرے گھر میں مجھ سے زیادہ عزت ملتی ہے؟ اور جب میں نے گنیش کے متعلق پتہ لگایاتو معلوم ہوا جب بھی امتحان کے پیپرز لیک ہوتے تھے گنیش میرے بیٹوں کو وہ پیپر لاکر دیتاتھا۔‘‘ سلمان خان نے کہا گنیش ہمارے لیے پیپرز لاتا تھا۔

سلیم خان کے شو میں کیے جانے والے انکشاف سے واضح ہوتا ہے کہ نہ صرف سلمان خان بلکہ ان کے دونوں بھائی بھی لیک ہوئے پیپر سے نقل کرکے امتحان میں پاس ہوتے تھے۔ تاہم اپنی پول کھلنے پر شو کے دوران تینوں بھائی غصہ ہونے کے بجائے مسلسل ہنستے رہے۔