پنجاب میں4خود کش بمبار داخل، سکیورٹی ہائی الرٹ

اسلام آباد ( شبیر حسین طوری) افغانستان سے خودکش بمباروں کی پنجاب میں داخل ہونے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔ دہشتگردی کے پیش نظر شہر بھر میں سکیورٹی الرٹ کردی گئی۔

حساس اداروں نے خبردار کیا ہے کہ افغانستان سے دہشت گرد تنظیم تحریک طالبان پاکستان کے 4 دہشت گرد پنجاب کے صوبائی دارالحکومت لاہور میں داخل ہو چکے ہیں اور وہ کسی بھی وقت کسی بھی عمارت کو نشانہ بنا سکتے ہیں۔

سکیورٹی ذرائع کے مطابق لاہور پر دہشتگردی کے سائے منڈلانے لگے ہیں اور حساس اداروں نے دہشتگردی کے خطرے کے پیشِ نظر متعلقہ اداروں کو آگاہ کردیا ہے ۔


حساس اداروں کی جانب سے جاری مراسلے میں بتایا گیا ہے کہ کالعدم تحریکِ طالبان پاکستان نے شہر میں تخریب کاری کی منصوبہ بندی مکمل کرلی ہے اور خودکش بمبار سمیت چار دہشت گرد لاہور میں داخل ہو چکے ہیں۔

دہشتگرد حساس عمارتوں، غیر ملکی باشندوں اور سرکاری افسران کو نشانہ بنا سکتے ہیں۔ مراسلے میں متعلقہ اداروں کو ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ وہ کسی بھی خطرے کے پیشِ نظر سکیورٹی سخت کریں۔

مراسلے میں متعلقہ اداروں کو ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ وہ کسی بھی خطرے کے پیشِ نظر سکیورٹی کے سخت انتظامات کریں۔ ذرائع کے مطابق تھریٹ لیٹر کے بعد پنجاب پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے شہر میں سکیورٹی سخت کر دی گئی ہے۔