شیخ رشید نے وزیراعظم سے شہبازشریف کی کرسی مانگ لی

لاہور(نیوزڈیسک) پاکستان عوامی مسلم لیگ کے سربراہ اور وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید کا کہنا ہے کہ وہ پبلک اکاؤنٹس کمیٹی (پی اے سی) کی چیئرمین شپ کے حصول کے لیے وزیراعظم عمران خان کو خط لکھیں گے اور تحریک انصاف سے مطالبہ کریں گے کہ اپنے ایک رکن کو خارج کر کے انہیں کمیٹی میں شامل کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ میں شہباز شریف کی چیئرمین شپ کے خلاف سپریم کورٹ میں درخواست دائر کروں گا وہ صرف رکن کی حیثیت سے کمیٹی کے رکن رہیں۔

انہوں نے کہا چیئرمین بن کر میں خود نواز شریف اور شہباز شریف کا احتساب کروں گا, شہباز شریف پر ماڈل ٹاؤن، صاف پانی کمیشن، نندی پور، ملتان میٹرو، آشیانہ ہاؤسنگ کیس سمیت متعدد کیسز ہیں، چنانچہ اخلاقی ذمہ داری سمجھتے ہوئے انہیں چاہیے کہ وہ یہ عہدہ نہ لیں۔

ان کا کہنا تھا کہ میں ایک الگ جماعت کی نمائندگی کرتا ہوں اور سینئر ترین رکنِ اسمبلی کی حیثیت سے پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کا چیئرمین بن سکتا ہوں آئین اور قانون میں اس پر کوئی پابندی نہیں۔

ملک میں جاری احتسابی عمل کے حوالے سے اپوزیشن کے اعتراضات کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ ملک میں ہر طرف کرپشن ہے اگر آج اپوزیشن کا احتساب ہورہا ہے تو کل کو ہمارا بھی ہوسکتا ہے، احتساب کرنے والے کو کوئی پسند نہیں کرتا۔