مچھلی کا تیل دل اور فالج کے امراض سے بچاو کیلئے انتہائی موثر

اسلام آباد(نیو زڈیسک)ایک نئی سائنسی تحقیق کے مطابق مچھلی کا تیل دل اور فالج کے مریضوں کیلئے انتہائی فائدہ مند ہے، یہ خون میں شامل کولیسٹرول اور چکنائی کے خاتمے میں مدد دیتا ہے جس سے شریانوں میں خون کا بہاو رواں رہنے کے سبب ہارٹ اٹیک اور فالج کا خطرہ حیرت انگیز طور پر کم ہو جاتا ہے۔مچھلی کے تیل میں اومیگا تھری فیٹی ایسڈ بھاری مقدار میں ہوتا ہے۔ یہ مرکب شریانوں کی بیماریوں سے محفوظ رکھنے میں مددگار ثابت ہوتا ہے۔

بڑی سطح پر کی جانے والی ایک طبی تحقیق سے معلوم ہوا ہے کہ ایک خاص دوا ’’ویسکیپا‘‘ ان لوگوں میں شریانوں کے مرض کے خطرے کو تیزی سے کم کرتی جنہیں دل کی بیماری ہو یا جو ٹائپ ٹو کی شوگر کے مریض ہوں۔ یہ نتائج ان لوگوں کے لیے خاص طور پر اہمیت رکھتے ہیں جن کے خون میں ایک خاص قسم کی چربی کی مقدار زیادہ ہوتی جو دل پر حملے کے خطرے کا سبب بنتی ہے۔نئی طبی تحقیق میں ماہرین نے اپنی توجہ ان لوگوں پر مرکوز رکھی جن کے خون میں کیسٹرول کی سطح تو کنٹرول میں تھی لیکن خون میں نقصان دہ چربیلے مادوں کی مقدار نمایاں طور پر زیادہ تھی۔

تحقیق کے دوران انہیں مچھلی کے تیل کی بھاری مقدار دی گئی جس سے ان کے خون میں شامل نقصان دہ چربیلے مادوں میں 25 فی صد تک کمی دیکھی گئی۔طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ تازہ تحقیق ان لوگوں کے لیے ایک اچھی خبر کی حیثیت رکھتی ہے جن کے خون میں نقصان دہ چربیلے مادے کثرت سے ہیں اور اس کے لیے انہیں کئی طرح کی ادویات کھانی پڑتی ہیں۔ لیکن اب وہ مچھلی کے تیل کےاستعمال سے دل کے دورے اور فالج کے خطرے سے زیادہ بہتر طور پر محفوظ رہ سکیں گے۔

کیٹاگری میں : صحت