پاک فوج نےہتھیارڈالنےوالےفراریوں کوانعامات سےنوازدیا

ڈیرہ بگٹی (این این آئی ) پاکستان ہاؤس سوئی میں حکومت کی جانب سے ہتھیار ڈالنے والے 132سابقہ فراریوں کو نقد امدادی رقم تقسیم کر دی گئی، سابقہ فراری کمانڈروں میں فی کمانڈر کو 9 لاکھ ،سب کمانڈر کو 6لاکھ اور دیگرہتھیار ڈالنے والے فراریوں میں تین، تین لاکھ روپیہ فی کس تقسیم کئے گئے، سیکٹر کمانڈر ایسٹ اور ڈپٹی کمشنر ڈیرہ بگٹی یاسر بازئی میرجان محمد بگٹی نے فراریوں میں رقم تقسم کی۔

پاکستان ہاؤس میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سیکٹر کمانڈر ایسٹ ذولفقار باجوہ نے کہا کہ حکومت اور اداروں کی کوششوں سے اب تک درجنوں فراری جو کہ را اور اس کے ایجنٹوں کے ایما پر ملک دشمنی کی راہ پر چل رہے تھے ،قومی دھارے شامل ہوئے ہیں، اب ان کو حکومت کی جانب سے نقد امدادی رقم دی جارہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ بلوچستان حکومت کی جانب سے فراہم کردہ رقم بطور امداد سرینڈر ہو نے والے فراریوں کو دی جا رہی ہے تاکہ وہ ابتدائی طور پر اپنی ضروریات کوپورا کرسکیں اور محب وطن شہری بن کر اپنے بچوں اور خاندان کی کفالت کرسکیں، پہاڑوں پر جانیوالے نوجوانوں کو پیغام دیتا ہوں کہ وہ بھی راہ راست پر آئیں اور ملکی ترقی میں اپنا کردار ادا کریں۔ اس موقع پر ہتھیار ڈالنے والے فراریوں نے کہا کہ وہ اب کسی کے بہکاوے میں نہیں آئیں گے اور قومی تنصیبات اور اپنے وسائل کی حفاظت خود کرینگے۔