وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کشمیر پرعالمی کانفرنس میں شرکت کیلئے لندن روانہ

اسلام آباد(سٹیٹ ویوز ) وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کے بھارت پر تابڑ توڑ حملے جاری ہیں ۔ گزشتہ دنوں مقبوضہ کشمیر میں بھارتی جارحیت اورکشمیر کی صورتحال پر وزیرخارجہ شاہ محمود نے حریت قیادت میر واعظ عمرفاروق سے ٹیلفونک رابطہ کیا ۔ بعدازاں سید علی گیلانی سے بھی رابطہ ہوا اوربھارتی مظالم اورظلم وبربریت پر مفصل گفتگو ہوئی ۔

تاہم آج 5 فروری یوم یکجہتی کشمیرکے حوالے سے وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کشمیر کے حوالے سے عالمی کانفرنس سمیت تقریبات میں شرکت کیلئے لندن روانہ ہوگئے ، یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے منعقدہ نمائش میں بھی شریک ہونگے۔

شاہ محمود قریشی آج صبح لندن روانہ ہو گئے ہیں جہاں برطانوی پارلیمنٹ میں انٹرنیشنل کشمیر کانفرنس سے خطاب کریں گے۔ لندن روانگی سے قبل شاہ محمود قریشی نے آل پارٹیز حریت کانفرنس کی سینئر قیادت سے ٹیلیفونک رابطہ کیا اور یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے لندن میں ہونے والے پروگرام پر تبادلہ خیال کیا۔

شاہ محمود کا کہنا تھا کہ کشمیر پاکستان کی خارجہ پالیسی کا اہم ستون ہے، اس حوالے سے پاکستانی موقف انتہائی واضح اور دو ٹوک ہے۔ کشمیریوں پر بھارتی مظالم اور جبر و استبداد کے خلاف ہر فورم پر بھرپور آواز اٹھائیں گے۔

دوسری جانب وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کی برطانیہ روانگی سے قبل تحریک انصاف کے مرکزی رہنما توصیف عباسی بھی ہمراہ تھے جنہوں نے انہیں ایئرپورٹ سے الوداع کیا.