حمزہ شہباز کی بیرون ملک قیام میں توسیع کی درخواست دائر

لاہور(سٹیٹ ویوز) پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف حمزہ شہباز نے بیرون ملک قیام میں توسیع کے لیے عدالت سے رجوع کر لیا۔حمزہ شہباز کی جانب سے لاہور ہائی کورٹ میں دائر کی گئی درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ میری نومولود بچی کے دل کا آپریشن ہے اس لیے قیام میں توسیع کی اجازت دی جائے۔

درخواست میں کہا گیا ہے کہ بیٹی کی طبیعت ٹھیک ہوتے ہی وہ وطن واپس آجائیں گے۔ حمزہ شہباز نے بیرون ملک قیام میں 15 روز کی توسیع کی درخواست کی ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ دنوں حمزہ شہباز کے گھر بیرون ملک بیٹی کی پیدائش ہوئی تھی جو عارضہ قلب میں مبتلا ہے اور انہیں ڈاکٹرز نے بچی کا فوراً آپریشن کرانے کی ہدایت کی ہے۔

حمزہ شہباز کا نام ای سی ایل میں ہونے کی وجہ سے انہیں بیرون ملک جانے کی اجازت نہیں تھی تاہم اُن کی درخواست پر لاہور ہائی کورٹ نے انہیں بیرون ملک جانے کی اجازت دی تھی اور وہ عدالتی حکم کے بعد تین فروری کو لندن پہنچے تھے جب کہ حمزہ شہباز کو 13 فروری تک وہاں رہنے کی اجازت ہے۔