اسدعمرآئی ایم ایف سےمذاکرات کی تفصیلات سامنےلےآئے

پشاور(سٹیٹ ویوز) وفاقی وزیر برائے خزانہ اسد عمر نے کہاہے کہ آئی ایم ایف اور پاکستان کے اعدادو شمار کے فرق میں کمی آئی ہے، آئی ایم ایف نے اپنی پوزیشن بدلی ہے، ان سے اچھا معاہدہ ہوگا اور لگتا ہے کہ معاہدے کے قریب آگئے ہیں، ضرورت اس بات کی ہے کہ اس معاہدے کو آخری بنائیں۔

پشاور میں چیمبر آف کامرس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اسد عمر نے کہاکہ آئی ایم ایف سے پاکستان کی معیشت کیلئے اقدامات پر اتفاق رائے ہوا، وزیراعظم نے کہا آئی ایم ایف سے معاہدے پر دستخط کرنا چاہتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کو کسی نے باہر آکر ٹھیک نہیں کرنا، ہم ہی اسے ٹھیک کریں گے، ہم بہتر فیصلے کریں گے تو معیشت اٹھے گی اور یہ صرف سرمایہ کاری سے ہوگا۔

اسد عمر کا کہنا تھا کہ باتیں بہت ہوگئیں اب کام شروع کرنا ہے، ٹیکس نیت کا دائرہ وسیع کرنا ضروری ہے اس کے بغیر ملک آگے نہیں بڑھے گا، ایف بی آر کے چھاپوں اور اور آڈٹ سے ٹیکس نہیں بڑھے گا، کوشش ہے کہ چھوٹے تاجر کے لیے انتہائی آسان سسٹم لائیں جو ایک صفحے کا ہو اور سال میں ایک مرتبہ ٹیکس جمع کرانا ہوگا، وہ سسٹم اسلام آباد میں کامیاب ہوگا جس کے بعد ملک بھر میں نافذ کریں گے۔