وزیراعظم آزادکشمیرنےمقبول بٹ شہید کاجسد خاکی کشمیرمنتقل کرنےکامطالبہ کردیا

مظفرآباد (سٹیٹ ویوز) وزیراعظم آزادکشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان نے کشمیری راہنما مقبول بٹ شہید کا جسد خاکی آزاد کشمیرلانے یا مقبوضہ کشمیر بھیجنے کا مطالبہ کردیا ۔ مظفرآباد کے سپورٹس کمپلیکس میں عالمی معیار کی جدید سہولتوں سے آراستہ خواتین کے فٹنس سینٹر کے افتتاح کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم آزادکشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان نے کہا کہ مقبول بٹ شہید کشمیر کے مایاناز فرزند اور قوم کے ہیرو ہیں انکی قربانی رائیگاں نہیں جائیں گی۔

وزیراعظم نے کہا کہ 11فروری مقبول بٹ شہید کا یوم شہادت ہے، افضل گورو کو بھی اسی ماہ میں پھانسی دی گئی، شہداء کشمیر کی فہرست بڑی طویل ہے۔ راجہ محمد فاروق حیدر خان نے مطالبہ کیا کہ مقبول بٹ شہید کا جسد خاکی آزاد کشمیر لایا جائے اگر یہاں نہیں لاتے تو پھر مقبوضہ کشمیر بھیجا جائے۔ آزاد کشمیر حکومت کو کمزور کرنے کی سازشوں سے متعلق میڈیا کے سوال کے جواب میں وزیراعظم نے کہا کہ حکومتوں کے اندر اختلافات پیدا ہوتے رہتے ہیں لیگی کارکنوں کو ہدایت دیتا ہوں کہ وہ نہ کسی کے حق میں اور نہ کسی کے خلاف بیان دیں انکا کہناتھا کہ کوئی مسئلہ نہیں سارے معاملاتِ طے ہو جائیں گے ۔ میڈیا اپنی طرف سے خبریں شائع کر کے سیاسی جماعتوں کو کمزور نہ کرے۔

انہوں نے کہاکہ شہید مقبول بٹ اور افضل گورو کی عظیم قربانیاں ہیں ، بھارت کو مقبوضہ کشمیر سے نکلنا پڑے گا۔ بھارت نے مقبوضہ کشمیر کے اندر7لاکھ سے زائد افواج مسلط کرکے وادی کو عملاً فوجی چھاؤنی میں تبدیل کر رکھا ہے ، عالمی برادری بھارتی مظالم کا نوٹس لیکر کشمیریوں کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حق خودارادیت دلانے میں کردار ادا کرے۔ اس سے قبل وزیراعظم آزادکشمیر نے سپورٹس کمپلیکس میں خواتین کے فٹنس سینٹر اور کھیلوں کی دیگر جدید سہولتوں کا افتتاح کیا۔

اس موقع پر وزیر آئی ٹی ڈاکٹر مصطفی بشیر، وزیر AKMIDCچوہدری شہزاد محمود ، وزیر صنعت و ترقی نسواں محترمہ نورین عارف، سیکرٹری سپورٹس ،یوتھ اینڈ کلچر سید ظہور الحسن گیلانی ، سیکرٹری اطلاعات و سیاحت محترمہ مدحت شہزاد ، سیکرٹری جموں وکشمیر لبریشن سیل منصور قادر ڈار، سیکرٹری ہائر ایجوکیشن زاہد عباسی ، سیکرٹری شہری دفاع شاہد محی الدین ، سیکرٹری لوکل گورنمنٹ اعجاز احمدخان، سیکرٹری سوشل ویلفیئر خواجہ محمد احسن ، سیکرٹری انڈسٹریز غلام بشیر مغل،ڈی جی سپورٹس نعیم بسمل، ڈی جی آئی ٹی ڈاکٹر خالد رفیق ودیگر آفیسران بھی موجود تھے۔ وزیر اعظم نے35ملین روپے کی لاگت سے مکمل ہونے والے منصوبہ کا افتتاح کیا۔

وزیراعظم نے سپورٹس کمپیلکس کا دورہ کیا اور وہاں موجودہ سہولیات کا جائزہ لیا۔ وزیر اعظم نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ باقاعدہ ورزش سے نہ صرف صحت اچھی رہتی ہے بلکہ بیماریوں سے بھی بچا جا سکتا ہے۔ ورزش دماغی صحت کیلئے بھی بہت مفید ہے۔ انہوں نے کہاکہ آزادکشمیر کے میرپور ڈویڑن میں میں سکولوں کے ساتھ میدان تو ہیں لیکن مظفرآباد پونچھ ڈویڑن میں تعلیمی اداروں کے ساتھ بہت کم جگہ میدان کیلئے ہوتی ہے۔ انہوں نے کہاکہ ان علاقوں میں والی بال، باسکٹ بال اور بیڈ منٹن کے کھیل کو فروغ دیا جائے۔

انہوں نے کہاکہ آئندہ یہاں پر بیڈ منٹن اور دیگر کھیلوں کی نیشنل چیمپین شپ ہونی چاہیے اس سے آزادکشمیر شناخت ہوگی۔ وزیر اعظم نے باغ سٹیڈیم کے ساتھ حفاظتی بند کی تعمیر کیلئے محکمہ کو تخمینہ لگانے کی بھی ہدایت کی۔ وزیر اعظم نے خواتین کی ورزش کیلئے ٹرینر گریڈ16کی آسامی تخلیق کرنے کی بھی ہدایت کی جس پر تربیت یافتہ خاتون کی بھرتی کی جائے۔ وزیر اعظم نے کہاکہ اگر سہولیات نہ ہوں تو ٹیلنٹ بھی سامنے نہیں آتا ، خواتین کو بھی ہفتہ میں کسی دن یہاں بیڈ منٹن کھیلنے کا موقع دیا کریں تاکہ یونیورسٹی اور کالجز کی طالبات کو بھی موقع مل سکے۔ انہوں نے کہاکہ سپاسنامہ میں پیش کیے مطالبات کو پورا کیا جائے گا۔ تقریب کے آخر میں سیکرٹری سپورٹس یوتھ اینڈ کلچر سیس ظہور الحسن گیلانی نے وزیر اعظم کو شیلڈ بھی پیش کی۔