وزیراعظم آزادکشمیرنےموسم بہارکی شجرکاری مہم کا افتتاح کردیا

نوسیری(سٹیٹ ویوز) وزیراعظم آزادحکومت ریاست جموں کشمیر راجہ محمد فاروق حیدرخان نے نوسیری کے مقام پر پودا لگا کر شجرکاری مہم موسم بہار2019کا افتتاح کر دیا۔ حکومت آزادکشمیر نے رواں سال شجرکاری موسم بہار کو مقبوضہ کشمیر میں بھارت کے ظلم و جبر کا سے متاثرہ بچوں کے نام سے منسوب کیا ہے ۔

اس موقع پر آزادکشمیر کے وزیر جنگلات سردار میر اکبر خان ، وزیر صنعت و ترقی نسواں محترمہ نورین عارف، وزیر AKMIDC چوہدری شہزاد محمود ایڈووکیٹ اور سیکرٹری ڈاکٹر شہلاوقار نے بھی پودا لگایا۔ اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعظم راجہ محمد فاروق حیدرخان نے کہا کہ درخت انسانی بقاکیلئے ناگزیر ہیں ، انکی حفاظت ہماری اولین ذمہ داری ہے ریاستی عوام شجرکاری مہم میں بھرپور حصہ ڈالیں،جنگلات کی ترقی و ترویج وقت کی اہم ضرورت ہے،شجرکاری و شجر پروری اور جنگلات کی حفاظت پوری قوم کی اجتماعی ذمہ داری ہے۔

وزیر اعظم آزادکشمیر نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کی آزادی کی خاطرکشمیری عوام لازوال قربانیاں دے رہے ہیں۔ مقبوضہ کشمیر کے عوام کی جدوجہد آزادی کو مدنظر رکھتے ہوئے حکومت آزادکشمیر نے اس سال شجرکاری موسم بہار 2019 کو مقبوضہ کشمیر کے بھارتی ظلم و بربریت کا شکار بچوں کے نام سے منسوب کیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ آزادکشمیر کے عوام سرکاری و نیم سرکاری ادارے ، آرمی ، این جی اوز ، سول سوسائٹی ، سکولوں کے طلباء و طالبات ملکر شجرکاری مہم کو کامیاب بنائیں اور آزادکشمیر کو سرسبز و شادار اور اس کے قدرتی حسن میں اضافے ، ماحولیاتی آلودگی کے خاتمے کیلئے بھرپور کردار ادا کریں۔

وزیر اعظم آزادکشمیر نے کہاکہ اللہ تعالیٰ نے خطہ کشمیر کو قدرتی حسن سے نوازا ہے ،زیادہ سے زیادہ درخت لگا کر اس کی خوبصورتی کو مزید دوبالا کیا جا سکتاہے ۔ شجرکاری کے ساتھ شجر پروری بھی اتنی ہی ضروری ہے ۔ انہوں نے کہاکہ قدرتی ماحولیاتی نظام کی بحالی او ر موجودہ و آئندہ نسلوں کے محفوظ اور درخشاں مستقبل کے پیش نظر آزاد خطہ کے جنگلات کی ترقی و ترویج پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے اور شجرکاری کیلئے فنڈز مہیا کررہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ موسم بہار 2016کی شجرکاری کیلئے 50لاکھ31ہزار پودے لگانے کا ہدف ہے جس کو سب ملکر کاکامیاب کریں ۔انہوں نے کہاکہ ہماری ذمہ داری ہے کہ جنگلات کے تحفظ اور افزائش کیلئے اپنا کردار ادا کریں۔

رواں سال کی شجرکاری مہم میں حکومت آزاد کشمیر، محکمہ جنگلات و دیگر اداروں کی طرح سول سوسائٹی بھی بڑھ چڑھ کر حصہ لینا چاہیے۔وزیر اعظم نے کہاکہ پاکستان کے میدانوں کی زرخیزی ہمارے جنگلات اور پانیوں پر منحصر ہے ۔ اس سال پچاس لاکھ سے زائد پودے لگائے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ علاقے میں تعینات پاکستان آرمی بھی اس مہم میں شامل ہو گی ۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیر جنگلات سردار میر اکبر خان نے کہاکہ درخت اور زمین کا روح اور جسم کا رشتہ ہے ، پوری دنیا میں ہونے والی موسمیاتی تبدیلیوں کی وجہ سے جنگلات کی اہمیت بہت زیادہ بڑھ گئی ہے۔ انہوں نے کہاکہ تمام ادارے ملکر اس مہم کو کامیاب بنائیں۔ اس حوالے سے شعور بیدار کرنے کی ضرورت ہے اور میڈیا کا تعاون درکا ر ہے ۔ انہوں نے شجرکاری مہم کی افتتاحی تقریب میں شرکت پر میڈیا کا شکریہ بھی ادا کیا۔ سیکرٹری جنگلات محترمہ ڈاکٹر شہلا وقار نے اس موقع پر بتایا کہ گرین کشمیر منصوبے کے تحت لگائے جانے والے درختوں کی کامیابی کے شرح پاکستان کی نسبت کئی گنا زیادہ ہے۔