سعودی ولی عہد کی اسلام آباد آمد،استقبال کی تیاریاں مکمل، خیر مقدمی بینرز آویزاں

اسلام آباد (سٹیٹ ویوز) سعودی ولی عہد محمد بن سلمان آج دو روزہ دورے پر اسلام آباد پہنچ رہے ہیں جن کے استقبال کیلئے تیاریاں مکمل کر لی گئیں۔ وفاقی دارالحکومت کو خیر مقدمی بینرز اور وزیراعظم عمران خان، ولی عہد محمد بن سلمان کی بڑی تصاویر سے سجا دیا گیا۔

وزیراعظم، وفاقی وزرا کے ہمراہ معزز مہمان کا ائیرپورٹ پر استقبال کریں گے، 21 توپوں کی سلامی دی جائے گی جس کے بعد وزیراعظم ہاوس میں شہزادہ محمد بن سلمان کو گارڈ آف آنر دیا جائے گا۔

وزیراعظم کی سعودی ولی عہد کے ساتھ ون آن ون ملاقات ہو گی جس کے بعد وفود کی سطح پر مذاکرات ہو ں گے۔ باہمی معاہدوں پر دستخط کے بعد معزز مہمان اور ان کے وفد کو وزیراعظم عشائیہ دیں گے۔ شہزادہ محمد بن سلمان کی صدر مملکت عارف علوی، چئیرمین سینیٹ صادق سنجرانی اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کے ساتھ ملاقاتیں بھی شیڈول ہیں۔ معزز مہمان کو نشان پاکستان سے بھی نوازا جائے گا۔

سعودی وفد میں وزرا، ارکان شاہی خاندان اور کاروباری شخصیات شامل ہیں، دورے کے دوران وفد میں شامل وزرا پاکستانی ہم منصب وزرا سے ملاقاتیں کریں گے جس میں دو طرفہ تعاون کے فروغ پر بات چیت ہو گی۔ اس دوران مختلف شعبوں میں مفاہمتی یادداشت پر دستخط ہوں گے، جن میں پٹروکیمیکل ریفائنری کا قیام، ثقافت و آرٹ اور میڈیا تعاون کیلئے پاکستان اور سعودی عرب ایگزیکٹو پروگرام شامل ہیں۔