سٹاک مارکیٹ میں مثبت رجحان، 100 انڈیکس میں 410 پوائنٹس کا اضافہ

کراچی (سٹیٹ ویوز) پاکستان سٹاک ایکسچینج میں آج کاروبارکے آغاز پر مثبت رجحان دیکھا جا رہا ہے۔ کاروبار کے آغاز پر ہی کے ایس ای 100 انڈیکس میں 410 پوائنٹس کا اضافہ دیکھا گیا۔

کاروباری ہفتے کے چوتھے روز آج سٹاک مارکیٹ کے آغاز پر مثبت رجحان موجود ہے اور ابتدائی ایک گھنٹے کے دوران 100 انڈیکس 410 پوائنٹس اضافے کے ساتھ 39 ہزار 103 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ گئی۔رپورٹ فائل کرتے وقت کے ایس ای 100 انڈیکس 16 پوائنٹس کے ساتھ 38 ہزار 682 پر ٹریڈ کر رہا تھا۔

ابتدائی ایک گھنٹے کے دوران کراچی اسٹاک ایکسچینج 100 انڈیکس میں 10,979,680 شیئرز کی لین دین ہوئی جس کی مالیت پاکستانی روپوں میں 505,437,262 بنتی ہے۔ گزشتہ روز پاک بھارت کشیدگی کے باعث پاکستان سٹاک ایکس چینج میں شدید مندی دیکھی گئی اور کاروبار کے دوران 100 انڈیکس میں 1484 پوائنٹس کی کمی ہوئی جس کے ساتھ ہی مارکیٹ 38 ہزار 349 پر ٹریڈ کرتی دیکھی گئی۔

پاکستان کی بھارت کو بھرپور جوابی کارروائی کے بعد سٹاک مارکیٹ میں بہتری آنا شروع ہوئی اور کاروبار کے اختتام سے قبل کے ایس ای 100 انڈیکس مثبت زون میں بھی ٹریڈ کرتا دیکھا گیا تھا تاہم کاروبار کے اختتام پر 100 انڈیکس 128 پوائنٹس کی کمی کے بعد 38 ہزار 692 پوائنٹس پر بند ہوا تھا۔