بھارتی جارحیت کا شکارنقل مکانی کرنےوالےخاندانوں کی تفصیلات جاری

مظفرآباد (سٹیٹ ویوز) آزادکشمیر کے وزیر شہری دفاع احمد رضا قادری نے کہا ہے کہ ایل او سی پر بھارتی جارحیت سے پیدا ہونے والی صورتحال پر عوام اور حکومت پوری طرح حوصلے میں ہیں اور کسی بھی قسم کی صورتحال سے نمٹنے کیلئے تیار ہیں ۔

سٹیٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کی درخواست پر ایل او سی کے ملحقہ علاقوں سے اس وقت تک91 فیملیاں شفٹ کی گئی ہیں جن میں 61 فیملیز ضلع جہلم ویلی کی ہیں، 12 فیملیز ضلع کوٹلی اور18 فیلمیز ضلع بھمبرکی محفوظ مقامات پر تعلیمی ادارے خالی کرتے ہوئے اور کچھ اپنے عزیز و اقارب کے پاس شفٹ ہوئی ہیں ۔ دوروز کے دوران 4 افراد بھارتی فائرنگ سے شہید جبکہ15افراد زخمی ہوئے ہیں۔ ریسکیو1122ہائی الرٹ ہے ، تمام ایمرجنسی عملہ کی چھٹیاں منسوخ کر دی گئی ہین ۔

مرکزی ایوان صحافت میں وزیر ہائر ایجوکیشن کرنل ریٹائرڈ وقار احمد نور اور سیکرٹری ایس ڈی ایم اے شاہد محی الدین قادری کے ہمراہ ہنگامی پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے احمد رضا قادری نے کہاکہ انڈین فائرنگ کے متاثرین کی رہائش ، خوراک سمیت جملہ ضروریات کو پورا کرنے کیلئے اقدامات کیے گئے ہیں۔ تمام متعلقہ اداروں کے ذمہ داران و اہلکاران ہمہ وقت اپنی ڈیوٹٰوں پر حاضر ہیں ۔ وزراء حکومت نےکہاکہ تعلیمی اداروں کو وقتی طورپر دوروز کیلئے بند کیا گیا ہے ۔ حالات دیکھ کر آگے کا فیصلہ کیا جائیگا ۔

انہوں نے کہاکہ وزیر اعظم آزادکشمیرراجہ محمد فاروق حیدرخان یورپ کا دورہ مختصر کر چکے ہیں لیکن پروازیں معطل ہونے کے باعث نہیں آسکیں گے ۔ وہ یہاں ساری صورتحال پر رابطے میں اور یورپین پارلیمنٹ اور بین الاقوامی فورمز پر کشمیر اور ایل او سی کی سنگین صورتحا ل پر اپنا بھرپور انداز میں کردار ادا کررہے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ طبی عملہ کو بھی الرٹ رکھنے کے ساتھ ایمبولینس سروس ہرجگہ پر مہیا کی جارہی ہے ۔ شہداء اور زخمیوں کی فیملیز کو حکومت کی جانب سے پوری طرح اکاموڈیٹ کیا جاتا ہے ۔ ایل او سی کے تمام علاقوں کے عوام کی سہولیات و ضروریات کو پورا کیا جارہا ہے