لاہورقلندرزاوراسلام آبادیونائینڈکے کپتانوں نے میچ سے قبل ماحول گرمادیا

کراچی(نیوزڈیسک)پی ایس ایل فورمیں کراچی میں ہفتے کو شیڈول میچ میں شریک دونوں ٹیموں نے کامیابی کا دعویٰ کیا ہے۔

نیشل اسٹیڈیم میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے دفاعی چیمپئن اسلام آباد یونائیٹڈکے کپتان محمد سمیع نے کہا کہ میچ کے لیے ہم نے تیاری کرلی، اپنے ہوم گراؤنڈ پر یادگار پرفارمنس دینا چاہتا ہوں، ہمارے لیے تمام میچز اہم ہیں، امید ہے کہ مقابلہ دلچسپ رہے گا۔

قومی ٹیم میں واپسی کے حوالے سے سوال پر انھوں نے کہا کہ میری پوری توجہ پی ایس ایل پر ہے، لیگ نوجوان کرکٹرز کے لیے اچھا پلیٹ فارم ہے۔

دوسری جانب لاہور قلندرز کے کپتان فخر زمان نے ہیڈ کوچ عاقب جاوید کے ہمراہ پریس کانفرنس میں کہا کہ میچ اگر لاہور میں ہوتا تواچھا رہتا لیکن کراچی بھی ہمارا شہر ہے،ہم بہترین کرکٹ پیش کرنے کی کوشش کریں گے۔

عاقب جاوید نے کہا کہ ہماری ٹیم کے غیر ملکی کرکٹرز پاکستان آکر بہت خوش اور پُرجوش ہیں۔