ارکان پنجاب اسمبلی کی تنخواہوں و مراعات میں اضافے پر وزیر اعظم برہم

اسلام آباد(سٹیٹ ویوز) وزیر اعظم عمران خان نے وزیر اعلیٰ ، اسپیکر، ڈپٹی اسپیکر، صوبائی وزرا اور ارکان پنجاب اسمبلی کی تنخوہوں اور مراعات میں اضافے پر شدید برہمی کا اظہار کیا ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اظہار خیال کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ میں پنجاب اسمبلی کی جانب سے وزیراعلی، وزراء اور ارکان اسمبلی کی تنخواہوں اور مراعات میں اضافے کے فیصلے سے بہت مایوس ہوا ہوں۔

اس طرح کے فیصلوں کا کوئی دفاع نہیں کیا جاسکتا، عوام کوبنیادی ضرورتوں کی فراہمی تک فیصلہ نامناسب ہے، ملک میں خوشحالی ہوتو اس طرح کے فیصلوں کاجواز بھی بنتا ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز پنجاب اسمبلی نے ارکان اسمبلی کی تنخواہوں میں اضافے کا بل منظور کیا تھا جس کے تحت اراکین اسمبلی کی تنخواہ اورمراعات 83 ہزار ماہانہ سے بڑھا کر 2 لاکھ روپے تک کر دی گئی، جس کے بعد وزیر اعلیٰ پنجاب کی تنخواہ اور مراعات وزیر اعظم سے بھی زیادہ ہوگئی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں