سانحہ ماڈل ٹاؤن: جے آئی ٹی کو نواز شریف سے جیل میں تفتیش کی اجازت

اسلام آباد(نیوزڈیسک) پنجاب پولیس کی جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم(جے آئی ٹی) سابق وزیر اعظم نواز شریف سے ماڈل ٹاؤن کیس میں تفتیش کرے گی۔

اسلام آباد کی احتساب عدالت نے تفتیشی افسر کو ماڈل ٹاؤن کیس کی تحقیقات کے سلسلے میں وزیر اعظم سے ملاقات کی اجازت دے دی۔

پنجاب پولیس کے ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ محمد اقبال نے اسلام آباد کی احتساب عدالت کے جج محمد ارشد ملک کو درخواست لکھ کر کوٹ لکھپت جیل میں قید سابق وزیر اعظم سے تفتیش کے لیے ملاقات کی اجازت طلب کی تھی۔

جج کی جانب سے نواز شریف پر العزیزیہ ریفرنس میں فرد جرم عائد کرنے اور 7سال کی سزا کے لیے کوٹ لکھپت جیل بھیجے جانے کے بعد قانون کے تحت تحقیقاتی ٹیم کے لیے یہ لازم تھا کہ وہ نواز شریف سے تفتیش سے قبل عدالت سے اجازت طلب کرے۔

دوسری جانب قومی احتساب بیورو کے پراسیکیوٹر مرزا عثمان نے درخواست کی مخالفت کی اور کہا کہ تفتیشی افسر اس طرح کی اجازت لینے کے لیے اسلام آباد ہائی کورٹ سے بھی رجوع کر سکتے ہیں۔البتہ معمولی جرح کے بعد جج نے ڈی ایس پی کو نواز شریف سے تفتیش کی اجازت دے دی ۔

پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ علامہ طاہر القادری کی رہائش گاہ کے باہر 17جون 2014 کو کیے انسداد تجاوزات آپریشن کے نتیجے میں کم از کم 14 افراد ہلاک اور 100 سے زائد زخمی ہوگئے تھے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں