نیوزی لینڈ دہشتگردی افسوسناک،دہشگردوں کا کوئی مذہب نہیں،پیر علی رضا بخاری

مظفرآباد( سٹیٹ ویوز )ممبر آزاد جموں وکشمیر قانون ساز اسمبلی و سجادہ نشیں درگاہ بساہاں شریف پیر علی رضا بخاری نے نیوزی لینڈ میں جمعہ کے نمازیوں پر دہشتگرد حملہ کی شدید مذمت کی ہے اور متاثرہ خاندانوں سے دکھ اور ہمدردی کا اظہار کیا ہے ۔

اپنے بیان میں پیر علی رضا بخاری نے کہا کہ نیوزی لینڈ میں مسجدوں میں جنونی دہشتگرد حملوں سے پوری امت مسلمہ کو دلی دکھ پہنچا ہے اور یہ بات ثابت ہو گئی ہے کہ دہشتگردی کا کوئی مذہب نہیں ہوتا۔ دہشتگردوں سے سب سے زیادہ متاثرامت مسلمہ ہو رہی ہے اور سب سے زیادہ نقصان بھی مسلمانوں کا ہورہا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ دہشتگردی کے خاتمہ کے لئے سب کو ملکر سوچنا ہوگا اور دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی مدد کرنا ہوگی ۔ اس وقت بھی دنیا کے تمام ملکوں میں پاکستان دہشتگردی کا شکار ہونے کے باوجود اپنے وسائل سے اس کا مقابلہ کررہا ہے اور اللہ تعالیٰ کے فضل ، بہادر پاک فوج اور عوام کی قربانیوں کے نتیجہ میں ملک سے دہشتگردی میں نمایاں کمی واقع ہوئی ہے ۔

پیر علی رضا نے نیوزی لینڈ کی حکومت اور عالمی اداروں سے بے گناہ انسانوں کی اموات کی تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں