وزیراعظم نےایک بار پھراین آراوکےامکان کومسترد کردیا

باجوڑ (سٹیٹ ویوز) وزیر اعظم عمران خان نے واضح کیا ہے کہ اب کوئی این آر او سائن نہیں ہوگا، ملک کا پیسہ لوٹنے والوں سے مفاہمت نہیں ہوسکتی۔ وزیر اعظم نے بھارت کو تجارت کا پیغام دیا اور کہا کہ پاکستان جنگ نہیں امن کاخواہاں ہے لیکن ہماری امن کی خواہش کوکمزوری نہ سمجھاجائے۔

باجوڑ میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ پی ٹی آئی نے مک مکا کی پارٹنر شپ توڑ دی ہے، اب کوئی این آراو سائن نہیں ہوگا، این آر او کی وجہ سے ملکی قرضہ بڑھا، ملک کاپیسہ لوٹنے والوں سے مفاہمت نہیں ہوسکتی۔ پاکستان معاشی لحاظ سے برے وقت سے گزر رہا ہے، بڑی جماعتوں نے ملک کو مقروض کردیا۔

انہوں نے کہا کہ بھارت کی ایک جماعت نفرت پھیلا کر الیکشن جیتناچاہتی ہے، بھارت میں الیکشن تک ہمیں الرٹ رہنا پڑے گا، وہاں الیکشن پاکستان سے نفرت کی بناپرجیتاجارہاہے۔ بھارت نے واردات کی جس کا پاکستان کی ایئر فورس نے منہ توڑجواب دیا۔ پاکستانی قوم امن چاہتی ہے ،پاکستان جنگ نہیں امن کاخواہاں ہے لیکن ہماری امن کی خواہش کوکمزوری نہ سمجھاجائے۔

وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ ہم پاکستان کے نوجوانوں کیلئے روزگار پیدا کرنا چاہتے ہیں، بھارت کو جنگ کا نہیں تجارت کا پیغام دیتے ہیں، ملکی خوشحالی کیلئے مود ی سے بات کرنے کو بھی تیارہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم کشمیر کا مسئلہ مذاکرات سے حل کرنا چاہتے ہیں، کشمیریوں کو آزادی کی جنگ لڑنے پر خراج تحسین پیش کرتاہوں۔ وزیراعظم عمران خان نے قبائلی علاقوں کیلئے صحت انصاف کارڈ کے اجرا کا اعلان کیا اور کہا کہ قبائلی اضلاع میں روزگار، تعلیم کے مواقع پیدا کرنے کے ساتھ ساتھ سیاحت کو بھی فروغ دیا جائے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں