سانحہ کرائسٹ چرچ: پاکستانی باپ بیٹے نے جام شہادت نوش کرلیا

کرائسٹ چرچ(سٹیٹ ویوز) نیوزی لینڈ کی مساجد پر حملے کے دوران دہشت گرد کو روکنے کی کوشش کرنے والے قابل فخر پاکستانی سپوت نعیم راشد نے اپنے بیٹے طلحہ نعیم کے ہمراہ جام شہادت نوش کرلیا ہے۔عالمی خبررساں ایجنسی کے مطابق نعیم راشد کا تعلق ایبٹ آباد سے تھا اور فائرنگ کے وقت انہوں نے صرف اپنی جان بچانے کی کوشش نہیں کی بلکہ دوسروں کو محفوظ رکھنے کےلیے حملہ آور کو روکنے کی جستجو کی کہ اسی دوران انہیں گولیاں لگیں اور وہ شہید ہوگئے۔ ان کے صاحبزادے بھی شہدا میں شامل ہیں۔

اطلاعات کے مطابق کرائسٹ چرچ میں مساجد پر کیے جانے والے حملے میں حافظ آباد، پنجاب سے تعلق رکھنے والے محمد امین زخمی ہیں۔ انہیں دو گولیاں لگی ہیں۔ وہ بیٹے کے ہمراہ نماز جمعہ کی ادائیگی کے لیے مسجد گئے تھے۔وہ گزشتہ کچھ عرصے سے اپنے بیٹے کے ساتھ وہیں مقیم تھے۔ ان کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔محمد امین کی ہمشیرہ اور ان کے رشتہ داروں کے مطابق اسپتال انتظامیہ ان سے ملنے کی بھی اجازت نہیں دے رہی ہے۔

متاثرہ خاندان کے افراد نے حکومت پاکستان سے اپیل کی ہے کہ وہ ان کے صاحبزادے کو باپ سے ملنے کی اجازت دلوانے میں مدد کرے۔ محمد امین کے گھر پر عزیز و رشتہ داروں نے پہنچنا شروع کردیا ہے اور ہر ایک ان کے حوالے سے پریشان ہے۔ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق نیوزی لینڈ حملے میں ایک زخمی پاکستانی شہری کی حالت تشویشناک ہے۔محمد امین کا تعلق حافظ آباد سے ہے،وہ آئی سی یو میں ہیں۔

اکتوبر 1951میں پیدا ہونے والے محمدامین کو متعدد گولیاں لگی ہیں۔ایک اور زخمی پاکستانی کا نام اریب ہے جو فیڈرل بی ایریا کراچی سے تعلق رکھتے ہیں۔ 27 سالہ اریب چارٹرڈ اکاؤنٹنٹ فرم کی طرف سے بھیجے گئے تھے۔

وہ والدین کے اکلوتے ہیں۔اطلاعات کے مطابق کراچی سے تعلق رکھنے والے اریب کو ٹانگ میں گولی لگی ہے ۔زخمیوں میں دو انڈوینشیا کے باشندے بھی شامل ہیں۔عالمی خبررساں ایجنسی کے مطابق شہدا میں سے دو کا تعلق اردن اور تین کا بنگلہ دیش سے معلوم ہوا ہے جب کہ پانچ پاکستانی، تین ترکش، دو افغانی اور نو بھارتی تاحال لاپتہ ہیں۔

مغربی میڈیا کے مطابق کرائسٹ چرچ کی دو مساجد پر نماز جمعہ کی ادائیگی کے دوران کیے جانے والے دہشت گردانہ حملے میں کل 49 افراد شہید اور48 زخمی ہوئے ہیں۔نیوزی لینڈ کے شہر کرائسٹ چرچ کی مساجد پر فائرنگ کرنے والے دہشت گرد برینٹن ٹیرینٹ کو مقامی عدالت نے پانچ اپریل تک کے لیے ریمانڈ پر پولیس کے سپرد کردیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں