حکومت آزاد کشمیرنےضلعی ہیڈ کواٹرزمیں سولرسٹریٹ لائٹس نصب کرنےکامعاہدہ کرلیا

مظفرآباد (سٹیٹ ویوز) محکمہ لوکل گورنمنٹ و دیہی ترقی نے آزاد کشمیر کے 10ضلعی ہیڈ کواٹرز کے لیے 9کروڑ 78لاکھ مالیت کے سولر سٹریٹس لائٹس کے منصوبہ پر دستخط کردیےگئے۔ مجموعی طور پر473سولرسٹریٹس لائٹس تمام اضلاع میں نصب کی جائیں گی۔

تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز وزیر لوکل گورنمنٹ و دیہی ترقی راجہ نصیراحمد خان کے دفترمیں حکومت آزادکشمیرکی جانب سےڈائریکٹرجنرل سردار گل زمان خان اور پرائیویٹ کمپنی میسرز ای بی آر پرائیویٹ لمیٹڈ کی جانب سے منیجنگ ڈائریکٹرعمر قریشی نےمعاہدہ پردستخط کیے۔ اس معاہدہ کی تحت متعلقہ کمپنی 9ماہ کے عرصہ کےاندر10ضلعی ہیڈکواٹرز میں 473 سولرسٹریٹس لائٹس کی تنصیب کرے گی۔

معاہدہ دستخط کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر لوکل گورنمنٹ و دیہی ترقی راجہ نصیر احمد خان نے کہا کہ موجودہ حکومت نے بنیادی سہولیات اور انفراسٹکچر کی فراہمی کے لیے انقلابی اقدامات کئے ہیں اور سولر سٹریٹس لائٹس کے اس منصوبہ سے آزاد کشمیر کے تمام ضلعی ہیڈ کواٹرز کی میں شاہرات اور گلیاں نہ صرف رات کو روشن ہو جائیں گی بلکہ اس سے شہریوں کو مفت روشنی بھی فراہم ہو گی ۔

انہوں نے کہاکہ اس منصوبہ کی تکمیل اس طرح کی جائے گی کہ تمام ضلعی ہیڈ کواٹرز خوبصورت ہو جائیں گے۔وزیر لوکل گورنمنٹ نے مزید کہا کہ یہ منصوبہ حکو مت آزاد کشمیر کے ADPمیں منظور شدہ ہے اور لوڈ شیڈنگ اور بجلی کی بڑھتی ہوئے ڈیمانڈ کے پیش نظر عوام کے لیے حکومت کی جانب سے سولر سٹریٹس لائٹس ایک تحفہ ہے ۔سیکرٹری لوکل گورنمنت و دیہی ترقی راجہ اعجاز احمد خان نے کہا کہ محکمہ حکومتی ہدایات کی روشنی میں عوامی فلاح و بہبود کے منصوبہ جات کر ترجیحاً مکمل کروا رہا ہے اور سولر سٹریٹس لائٹس کے پہلے مرحلہ کی کامیابی کے بعد فیز ٹو کے تحت 10ضلعی ہیڈ کواٹرز کوسولر سٹریٹس لائٹس فراہم کی جارہی ہیں۔

انہوں نے معاہدہ دستخط کرنے والی کمپنی کے منیجنگ ڈائریکٹر اور دیگر اعلیٰ عہدیداران کو ہدایت کی کہ اس منصوبہ کو 9ماہ کے اندر معیاری اور شفاف انداز سے مکمل کیا جائے ۔تاکہ آزاد کشمیر کے شہریوں کو سولر سٹریٹس لائٹس کی سہولیات میسر آئیں ۔معاہدہ دستخط کرنے کی تقریب میں میڈیا نمائیندگان ،دیگر محکمہ جات کے آفیسران سمیت لوکل گورنمنٹ بورڈ کے سیکرٹری ارشد عباسی،نظامت اعلیٰ لوکل گورنمنٹ و دیہی ترقی کے آفیسران بابر منہاس،راجہ امداد حسین ،راجہ ذوالقرنین ،طاہر اشرف،اسلم اعوان ،خواجہ مسعود سمیت دیگر آفیسران نے بھی شرکت کی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں