حویلی ، پاک فوج زندہ باد ریلی،کنٹرول لائن پر مقیم غیورعوام پاک فوج کیساتھ کھڑی ہے،پیر علی رضا بخاری

حویلی(سٹیٹ ویوز)ممبر آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی ، سجادہ نشیں درگاہ بساہاں شریف پیر علی رضا بخاری کی قیادت میں بہادر افواج پاکستان سے اظہار یکجہتی ، متاثرین کنٹرول لائن سے اظہار ہمدردی اور بھارتی جارحانہ عزائم کی مذمت کے لئے “پیغام پاکستان پاک فوج زندہ باد ریلی” کا انعقاد کیا گیا ، ریلی کا اہتمام مسلم لیگ ن آزادکشمیر حویلی نے کیا جس میں تمام سیاسی و مذہبی قیادت نے شریک ہو کر افواج پاکستان سے مثالی اظہار یکجہتی کیا ..

ریلی کا آغاز فارورڈ کہوٹہ سے کیا گیا، جس میں عوام علاقہ و لیگی کارکنان نے بھر پور شرکت کی ، پاکستان و ازادکشمیر کے پرچموں، اور افواج پاکستان کے حق میں ترانوں اور نعروں نے ماحول کو جذباتی و والہانہ بنا دیا ،حویلی کی فضائیں پاک فوج زند باد ، پاکستان زندہ باد ، تحریک آزادی کشمیر زندہ باد ، حق پیر سچ پیر ،رضا پیر رضا پیر کے فلک شگاف نعروں سے گونجتی رہیں ..

جیپوں ، کاروں، اور موٹر سائیکلوں کی لمبی قطاریں دیدہ زیب تھیں ، پیر شبیر احمد بخاری کی قیادت میں آرگنائزنگ کمیٹی نے ریلی کے بہترین انتظامات کئے اور نظم نسق مثالی تھا،ریلی کا احتتام ھالن شمالی ، بھٹیاں پر ہوا جہاں ریلی جلسہ عام کی شکل اختیار کر گئی جلسہ جس کی صدارت صاحبزادہ صغیر جاوید بخاری نے کی

، جلسہ سے پیر شبیر احمد بخاری ، شیخ خورشید احمد صدر پیپلز پارٹی حویلی ، ،جاوید سرور راٹھور ، پیر سید سعیداحمد ، راجہ سربلند راٹھور ،غلام مرتضی بخاری ،سید فرید بخاری ،چودھری الف دین ،نسیم خان راٹھور ،سید مشتاق احمد چیئرمین جماعت اہلسنت ،محمد یونس خان ،خواجہ عبد لمجید ، صاحبزادہ علی اکبر ، سید امداد حسین و دیگر نے خطاب کیا۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے پیر علی رضا بخاری نے کہا کہ بہادر افواج پاکستان کی دفاع وطن کے لئے بے لوث خدمات پر اہل وطن کی طرف سے زبردست خراج تحسین پیش کیا۔ پیر علی رضا بخاری نے کہا کہ پاک فوج اور پاک فضائیہ دشمن کو اس کی اوقات دکھا چکی دشمن اب بھارت صرف میڈیا کے ذریعے جھوٹ بول کر اپنی عوام اور عالمی برادری کو گمراہ کرنے کی کوشش کررہا ہے انہوں نے کہا وطن کو جب بھی لہو کی ضرورت پڑی تو سب سے پہلے پاک فوج کے جوانوں نے اپنی زندگیاں پیش کیں۔

اندرونی دشمن ہوں یا بیرونی ہر محاذ پر فتح پاک فوج کے حصہ میں آئی۔ انہوں نے کہاکہ آزاد کشمیر میں کنٹرول لائن کے قریب بسنے والے غیور عوام اپنی فوج کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں ان حوصلے بلند ہیں دشمن کبھی بھی ہم پر حاوی نہیں ہو سکتا۔

جنگ ہو،امن ہو،قدرتی آفات ہوں پاک فوج نے ملک ہر حالت میں خدمت کی ہے۔ ہمیں اپنی افواج سے پیار اور فخر ہے۔ انہوں نے کہا کہ فوج ہی کسی ملک یا سلطنت کا وہ اہم وجود ہوتی ہے جو جس قدر مضبوط ہو‘ ملک و ملت اتنی ہی محفوظ اور سربلند ہوگی اور آج کے اس جدید دور میں اس کی اہمیت سے چشم پوشی کیسے اختیار کر سکتے ہیں۔ بدقسمت ہیں وہ حکمران اور وہ قومیں جو اپنی ہی فوج کے خلاف سینہ سپر ہوجائیں۔

جہاں ایسی قوم ہو‘ وہاں پھر کسی دشمن کی ضرورت باقی نہیں رہ جاتی۔ چند سالوں سے پاکستان کے اندر بھی اس فارمولے کو اپنایا جا رہا ہے اور دشمن کی کوشش رہی ہے کہ کسی بھی طرح پاک افواج کو کمزور سے کمزور تر کیا جا سکے۔ چاہے وہ ٹی ٹی پی کی صورت میں تھا یا پھر داعش کی صورت میں۔ بھارتی خفیہ ایجنسی ”را”نے ہرممکن پاکستان کے اندر دہشت گردی کو فروغ دینے میں ایڑھی چوٹی کا زور لگایا مگر آفرین ہے پاک افواج پر کہ اس نے دشمن کا ہر حربہ ناکام بنا دیا۔

افواج پاکستان نے نہایت تحمل‘ بردباری‘ تدبر اور بہترین سیاسی و عسکری حکمت عملی سے دشمن کی ایک نہ چلنے دی۔ انہوں نے کہا کہ قیام پاکستان کے بعد ہونے والی جنگوں میں پاک افواج نے جس جرات و بہادری کا مظاہرہ کیاوہ ہماری تاریخ کے سنہری اوراق میں رقم ہے۔ پاکستان آرمی نے جس طرح وطن کے لئے اپنی جانوں کے نذرانے دے کر دہشت گردوں کا خاتمہ اور ان کے ٹھکانوں کو تباہ کیا‘ پوری قوم کو اس پر فخر و ناز ہے۔

دراصل فوج اور قوم ریل کی اس پٹڑی کی مانند ہیں جو ساتھ ساتھ چلتی ہے۔ کوئی بھی جنگ ہو‘ نظریاتی یا جغرافیائی قوم اور فوج مل کر لڑتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سانحہ مشرقی پاکستان کی مثال ہم سب کے سامنے ہے۔ عالمی طاقتوں اور ہمارے چند ہمسائےوں کو پاکستان کا ایٹمی قوت بننا بھی ایک آنکھ نہیں بھایا اور وہ ہر لمحے پاکستان کے خلاف سازشوں میں مصروف ہیں ۔ اللہ تعالیٰ کے بعد ہمارا اگر کوئی محافظ و نگہبان ہے تو وہ ہماری پاک فوج ہی ہے ۔

پاک فوج مضبوط تو ہم مضبوط‘ ہمارا وطن مضبوط‘ ہمارا مستقبل مضبوط‘ ہم بچوں کا مستقبل مضبوط۔ پیر علی رضا نے کہ کہ آئیں عہد کریں کہ ہمیں پاک افواج کے شانہ بشانہ چلنا ہے۔ اس لئے کہ اسی میں ہماری فلاح اور اسی میں ہماری بھلائی و نجات ہے پاکستان کی آرمی کا شمار آج دنیا کی بہترین افواج میں ہوتا ہے۔ اور اس کے جوانوں نے وہ کارہائے نمایاں انجام دیے ان کی مثال ملنا مشکل ہے ۔

آج جبکہ بھارت نے ایل او سی پر جنگ چھیڑ رکھی ہے اور ہماری فوج اس کو منہ توڑ جواب دے رہی ہے ایسے میں آئیے ہم سب اپنی بہادر افواج کو سلام کریں جو اپنا لہو دے کر اس د ھرتی کی حفاظت کررہی ہیں ۔پیر علی رضا بخاری نے چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ اور وزیر اعظم پاکستان عمران خان سے اپنی گزشتہ ہفتہ میں ہونے والی ملاقاتوں بطور خاص ذکر کیا اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان کی سالمیت کے لئے تن من دھن کی قربانی سے دریغ نہی کریں گے

انہوں نے اس موقع پر مرکزی حکومت سے مطالبہ کیا کہ متاثرین ایل او سی کے تعلیم ،صحت ،بیروزگاری اور انفراسٹرکچر کے مسائل کے حل امدادی پیکیج کا اعلان کرے بینظیر سپورٹ پروگرام میں یہاں کے خاندانوں جو بلا تخصیص شامل کیا جائے۔قبل ازیں جلسہ گاہ پہنچنے پر پیر علی رضا بخاری کا تاریخی استقبال کیا گیا بعدازاں پیر علی رضا بخاری ، علی آباد و حاجی پیر کو ملانے والی بھٹیاں ، ہالن شمالی لنک روڈز کا افتتاح بھی کیا

اپنا تبصرہ بھیجیں