wahab riaz

ورلڈکپ اسکواڈمیں شامل نہ ہونے پر وہاب ریاض پھٹ پڑے

اسلام آباد(نیوزڈیسک)قومی ٹیم کے فاسٹ باؤلر وہاب ریاض نے مسلسل شاندار کارکردگی کے باوجود ورلڈکپ کے ممکنہ کھلاڑیوں میں نام نہ آنے پر مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہیں نہیں معلوم کہ کن وجوہات پر انہیں نظرانداز کیا جا رہا ہے۔

نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو میں وہاب ریاض نے ورلڈکپ کےممکنہ کھلاڑیوں میں نام نہ آنے پر شدید مایوسی کا اظہار کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ مسلسل کارکردگی کے باوجود ان کا نام نہ آنا حیران کن ہے، وہ بہت پریشان ہیں اور ان کے پاس اب کھونے کو کچھ نہیں ہے کیونکہ جو کچھ تھا وہ سب لے لیا گیا یے۔

تاہم انہوں نے امید کا دامن ہاتھ سے نہ چھوڑتے ہوئے کہا کہ مجھے اللہ پر یقین ہے، میں نے سخت محنت کی اور وہ رائیگاں نہیں جائےگی۔

وہاب ریاض نے اپنا آخری ون ڈے انٹرنیشنل میچ 2سال قبل چیمپیئنز ٹرافی میں کھیلا تھا جبکہ آخری ٹیسٹ میچ بھی گزشتہ سال اکتوبر میں آسٹریلیا کے خلاف کھیلا تھا۔

33سالہ وہاب نے کہاکہ ہر کھلاڑی کا کارکردگی دکھانے کا مقصد پاکستان کی نمائندگی کرنا ہوتا ہے اور میری بھی یہی کوشش ہے کہ میں پاکستان کے لیے کھیلوں لیکن میں سمجھنے سے قاصر ہوں کہ کن وجوہات کی بنا پر مجھے نظرانداز کیا جارہا ہے۔

فاسٹ باؤلر نے مزید کہا کہ پاکستان کپ میں مشکلات کے باوجود سخت محنت کی، وہاں باؤلنگ کے لیے بہت جان لگانا پڑی لیکن میں نے اپنا تجربہ بروئے کار لاتے ہوئے محنت سے بہترین کارکردگی دکھانے کی کوشش کی لیکن اس کے باوجود میرا نام نہیں آیا۔

فاسٹ باؤلر نے کہا کہ میری قسمت میں ہوگا تو میں ضرور پاکستان کے لیے کھیلوں گا۔

یاد رہے کہ گزشتہ کچھ عرصے سے وہاب ریاض مستقل عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے بہترین فارم اور رفتار کے ساتھ باؤلنگ کر رہے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں