افغان صوبہ دھماکے سے لرزاٹھا،کئی معصوم زندگی کی بازی ہارگئے

لغمان (نیوزڈیسک)افغانستان کے مشرقی صوبے لغمان میں مارٹر کے دھماکے سے کم ازکم 7 بچے جاں بحق اور 10 زخمی ہوگئے۔

خبررساں ادارے ’اےایف پی‘ کے مطابق صوبہ لغمان کے گورنر اسد اللہ نے بتایا کہ ’تحقیقات کی جاری ہے کہ بچوں کو مارٹربم کیسے ملا اور کیوں پھٹا؟انہوں نے بتایا کہ جاں بحق اور زخمی ہونے والے تمام بچوں کی عمریں 15 برس سے کم ہیں۔

صوبائی ہسپتال کے سربراہ عبدالمعروف جیلانی نے بتایا کہ ہسپتال میں 7 لاشیں اور 10 زخمی بچوں کو لایا گیا۔ان کا کہنا تھا کہ ’صوبہ لغمان کے دارالحکومت مھترلام کے مضافات میں مارٹر بم پھٹا‘۔

اس سے قبل 22 دسمبر کو افغانستان کے شمالی صوبے فریاب میں ایک بم دھماکے کی زد میں آکر تقریباً 8 بچے جاں بحق اور 6 زخمی ہو گئے تھے۔

افغان ترجمان نے الزام لگایا تھا کہ طالبان صوبے کے مختلف حصوں میں افغان سیکیورٹی فورسز کو نشانہ بنانے کے لیے روڈ پر بم نصب کرتے ہیں۔

خیال رہے کہ اقوام متحدہ مائن ایکشن سروس کے مطابق 2017 میں افغانستان کے اندر بارودی سرنگ کی زد میں آکر ہرمہینے مجموعی طور پر تقریباً 150 افراد جاں بحق اورزخمی ہوئے تھے۔

واضح رہے کہ 80 کی دہائی میں سودیت افغان جنگ کے دوران روس نے متعددعلاقوں میں بارودی سرنگ بچھادی تھی بعدازاں 90 کی دہائی میں طالبان اور افغان حکومت کے مابین لڑائی کے نتیجے میں دیسی ساختہ بم استعمال کرنے کا رحجان بڑھ گیا تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں