muraad-ali-shah-CM-Sindh

سندھ اسمبلی میں وزیر اعظم عمران خان اور خالد مقبول کیخلاف قرارداد منظور

کراچی(نیوزڈیسک)سندھ اسمبلی نے اپوزیشن کے شورشرابے کے دوران سندھ کی تقسیم کے بیان پرایم کیوایم کے رہنما اور وفاقی وزیر ڈاکٹرخالد مقبول صدیقی کے خلاف صوبائی وزیر شہلا رضا کی جانب سے پیش کردہ قرارداد مذمت منظور کرلی جبکہ ایسی ہی ایک دوسری قرارداد وزیراعظم عمران خان کے خلاف بھی منظور کی گئی جو بھارتی الیکشن میں ان کی جانب سے بھارتی وزیراعظم مودی کی مبینہ حمایت کے بیان پر پیپلز پارٹی کی خاتون رکن ندا کھوڑو نے پیش کی تھی۔

پیر کے روز شہلا رضا نے اپنی قرارداد پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہاکہ سندھ نے کبھی غیرجمہوری اقدار کو پروان نہیں چڑھایا، فاطمہ جناح پر حملہ ہوا تو کراچی کے لوگوں نے اپنا کردار ادا کیا، پھر کراچی کو نظر لگ گئی اور خون کی ہولی کھیلی گئی،کچھ دن پہلے کی پریس کانفرنس کوئی نئی بات نہیں ماضی میں بھی اس قسم کے کام ہوتے رہے ہیں۔

شہلا رضا نے کہا کہ یہ وہ صوبہ ہے جہاں لٹے پٹے ہمارے آباؤاجداد آئے تو میرے نانا کو قانون ساز ادارے کا رکن بنایا گیا، کسی کے اشارے سے صوبے میں بدامنی ہوگی تو تفریق ختم نہیں ہوگی۔

اسپیکر نے نے قرارداد منظوری کے لیے پیش کی تو اپوزیشن کی جانب سے نو کی کوئی آواز نہیں آئی جس پر سندھ اسمبلی نے قرارداد اتفاق رائے سے پاس کرلی تاہم اس دوران اپوزیشن کے ارکان کی جانب سے زبردست شور شرابہ کیا گیا۔

وزیراعظم عمران خان کے خلاف قرارداد پر اظہار خیال کرتے ہوئے نداکھوڑو نے کہاکہ عمران خان بھول گئے ہیں کہ یہ وہی مودی ہے جس نے کشمیر میں بربریت کی انتہا کردی ہے۔قرارداد کی منظور ی کے بعدسندھ اسمبلی کا اجلاس منگل 16 اپریل کی دوپہر تک ملتوی کردیا گیا۔

وزیراعلیٰ مراد علی شاہ نے کہا کہ ہے کہ ہمارا لیڈر ایک تھا ایک ہے اور ایک ہی رہے گا،ہم وہ نہیں جو اپنے لیڈر بدلتے رہیں، تھرکول کے منصوبے کی تکمیل سے شہید بی بی کا خواب پورا ہوگیا، وفاقی حکومت کی رکاوٹوں کے باوجودیہ عظیم منصوبہ سابق صدر زرداری اور بلاول بھٹو کی کوششوں سے مکمل ہوا ہے کوئی اور ہوتا تو اس منصوبے پر بھی یوٹرن لے لیتا لیکن ہم نے ایک بے مثال منصوبہ مکمل کرکے دکھایا۔

سندھ اسمبلی میں تھر کول منصوبے کے حوالے سے ایک پالیسی بیان دیتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ تھرکول پروجیکٹ کیلیے قائم علی شاہ نے بہت مدد کی،یہ پاکستان کا بہت اہم منصوبہ ہے۔ منصوبے کی راہ میںوفاقی حکومت نے بہت سی مشکلات پیدا کیں لیکن ہم نے ہمت نہیں ہاری۔ ہم سابق وزیر اعظم راجا پرویز اشرف کے شکر گزار ہیں جنھوںنے ساورن گارنٹی میں مدد کی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں