بچی نشوہ کی موت،دارالصحت ہسپتال کی اوپی ڈی سیل،انتظامیہ اور شہری آمنے سامنے

کراچی (سٹیٹ ویوز) ننھی بچی نشوہ کی موت پرحکومت نے بڑا فیصلہ کرتے ہوئے دارا لصحت ہسپتال کی اوپی ڈی کو سیل کردیا، اسپتال کے ملازمین اور احتجاج کرنیوالے شہری آمنے سامنے آگئے، دونوں جانب سے شدید نعرے بازی کی گئی۔

تفصیلات کے مطابق ہیلتھ کیئر کمیشن کے عملے نے وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی ہدایت پر عمل کرتے ہوئے ابتدائی طور پر دارالصحت ہسپتال کی او پی ڈی سیل کردی۔

چیئرمین ہیلتھ کیئر کمیشن ٹیپو سلطان نے کہا کہ اسپتال کی اوپی ڈی کو سیل کر نے کے بعد نئے داخلوں پر بھی پابندی عائد کردی گئی ہے۔

کارروائی کے موقع پر شہریوں کی بڑی تعداد بھی موجود تھی، کار سرکار میں مداخلت کرتے ہوئے دارالصحت انتظامیہ نے ملازمین کو ڈھال بنالیا، ہسپتال کے ملازمین اوراحتجاج کرنے والے شہری آمنے سامنے آگئے، ہسپتال کے باہر دونوں جانب سے شدید نعرے بازی کی گئی۔

دارالصحت ہسپتال کےخلاف ایکشن کو روکنے کیلئے انتظامیہ نے کرائے کی خواتین مظاہرین کو بھی بلوا لیا۔ گاڑی بھر کرخواتین اسپتال کے باہر پہنچ گئیں۔

مشتعل شہریوں نے “ہسپتال بند کرو” اور قاتل قاتل کے نعرے لگائے، بعد ازاں سندھ ہیلتھ کیئر کمیشن کی ٹیم دارالصحت ہسپتال سے روانہ ہوگئی۔

واضح رہے کہ انیس ماہ کی بچی نشوہ دارالصحت ہسپتال میں غلط انجکشن لگنے کے باعث دوران علاج جاں بحق ہوئی تھی جس کے بعد وزیراعلیٰ سندھ نے دارالصحت اسپتال سیل کرنے کا حکم دیا تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں