ہلالِ احمر اور این ڈی آر ایم ایف کے مابین معاہدہ

مظفر آباد(سٹیٹ ویوز ) ہلالِ احمر پاکستان نے ایک اور سنگ ِ میل عبور کرتے ہوئے نیشنل ڈیزاسٹر اینڈ رِسک مینجمنٹ فنڈ (NDRMF) کے ساتھ آزاد کشمیر کے مختلف اضلاع میں مقامی سطح پر آفات سے نمٹنے کیلئے تیاری، سماجی بے داری، سماجی ترقی اور بنیادی سہولیات کی کمیونٹی لیول پر فراہمی کیلئے معاہدہ طے پا لیا ہے۔

گزشتہ روز سیکرٹری جنرل ہلالِ احمر پاکستان جناب خالد بن مجید اور این ڈی آر ایم ایف کے خرم خالق خان نے این ڈی آرایم ایف کے سربراہ لیفٹننٹ جنرل (ر) ندیم احمد کی موجودگی میں تاریخی معاہدے پر دستخط کیے گئے۔ معاہدہ کی رُو سے جہاں آزاد کشمیر کے چار اضلاع میں روزگار کے مواقع پید ہوں گے۔ وہاں پانی کے ذخیرے، پانی کی فراہمی، زمینی کٹاؤ کو روکنے، موسمیاتی تبدیلی سمیت دیگر مسائل سے متعلق آگاہی مہم، چیک ڈیموں اور پیدل راستوں کی پختہ تعمیر، شجرکاری، بنیادی مراکزصحت اور پرائمری سکولوں کی فعالیت و دیکھ بھال جیسے منصوبے پایہ تکمیل کو پہنچائے جائیں گے۔

واضح رہے کہ سیکرٹری جنرل خالد بن مجید نے چارج سنبھالتے ہی اِس معاہدہ کو عملی جامہ پہنانے کیلئے جانفشانی سے کام کیا تاکہ آزاد کشمیر کے علاقوں میں بنیادی سہولتوں کی فراہمی کو یقینی بنایا جا سکے۔اِس معاہدہ پر دستخط کی تقریب این ڈی آر ایم ایف سیکرٹریٹ میں منعقد ہوئی۔ اِس موقع پر خالد بن مجید کا کہنا تھا کہ آزاد کشمیر کے عوام جدید دور میں بھی سہولتوں سے محروم ہیں۔ ہلال ِ احمر کے پلیٹ فار م سے پسماندہ علاقوں میں بنیادی سہولتوں کی فراہمی کے معیار ِ زندگی میں حقیقی تبدیلی لائی جائے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں