مسلم لیگ ن میں دھڑہ بندی ، چودھری نثار متحرک

لاہور(سٹیٹ ویوز)مسلم لیگ(ن)میں ایک اور ن لیگ کی تیاریاں شروع ہوگئیں ،چودھری نثارعلی خان متحرک ہوگئے ،ایسے تمام ن لیگی رہنما جن کو موجودہ تنظیمی سیٹ اپ میں عہد ے نہیں دیئے گئے اور دیگر ایسے رہنما جو مریم نواز اور دیگر نئے عہدیداروں کو قبول نہیں کرتے ان سے رابطے کئے جارہے ہیں ۔

ذرائع نے بتایاکہ مسلم لیگ (ن)سے ناراض ہونے والے چودھری نثار علی خان نے خود کو منانے کے لئے جانے والی سینئر رہنمائوں کی ٹیم کو واضح طور پر کہہ دیا تھا کہ وہ آج بھی اپنے موقف پر قائم ہیں اور کسی صورت میں مریم نواز ،پرویز رشید اور دیگر افراد کی قیادت میں کام نہیں کریں گے مسلم لیگ (ن)کے برے وقت میں ساتھ کھڑا تھا میں اس کو کیوں چھوڑوں؟اس میں میرے ساتھی اور ہم خیال موجود ہیں ۔

ذرائع نے بتایا کہ چودھری نثار علی خان کو منانے کے لئے مسلم لیگ (ن)کے سینئر رہنما سردار ایاز صادق ،رانا تنویراپناکردار ادا کرچکے ہیں لیکن چودھری نثار مسلم لیگ (نوازشریف )کا حصہ بننے کو تیار نہیں ۔ٹیم کو چودھری نثار علی خان نے واضح کیا کہ ن لیگ میرے نام سے ہے . پارٹی کو میں نے زندہ رکھا تھا۔

مسلم لیگ(ن)کی مرکزی تنظیم نو کے بعد چودھری نثار خاصا سرگرم ہوگئے ہیں. اس صورتحال میں سابق وزیر داخلہ مسلم لیگ (ن) کے قائدین کے اعصاب پر سو ار ہوگئے ۔ چند روز قبل سے چودھری نثارعلی خان کی غیر معمولی سرگرمیاں ن لیگ کے اہم حلقوں کے لئے پریشانی کا باعث بن گئیں.

مسلم لیگ (ن) نے چوہدری نثارعلی خان کواپنے لئے خطر ہ سمجھتے ہوئے ان کی سرگرمیوں کی سخت مانیٹرنگ شروع کردی جبکہ چودھری نثارکی طرف جھکائو رکھنے والے لیگی رہنمائوں پر بھی نظر رکھی جارہی ہے ۔ذرائع کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے جو عہدیدار اور رہنما اپنے قائدین سے ناراض ہیں وہ چودھری نثارعلی خان سے رابطہ میں اور گرین سگنل کاانتظار کررہے ہیں ، جونہی معاملہ آگے بڑھے گاتو ن لیگ کے یہ باغی اراکین چودھری نثارعلی خان کاساتھ دینے کااعلان کریں گے ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں