لوکل گورنمنٹ بورڈ میں جریدہ اسامیوں پرتحریری امتحان متنازعہ بن گیا

مظفرآباد(سٹیٹ ویوز) محکمہ لوکل گورنمنٹ بورڈ میں گریڈ 16 اور گریڈ 17 کی اسامیوں پر پی ایس سی کی بجائے آج تحریری ٹیسٹ لیے جاگئے ہیں۔ محکمے کی طرف سے منعقدہ ٹیسٹ کے دوران انتظامی بے ضابطگیاں دیکھنے میں آئیں، امیدواروں کے مطابق تحریری امتحان کے وقت نہ امیدواروں سے حاضری لی گئی، نہ شناختی کارڈ چیک کیے گئے اور نہ ہی مزید کوئی دستاویزات جبکہ تمام امیدوار موبائل کا عام استعمال کرتے رہے۔

محکمہ لوکل گورنمنٹ کی ان اسامیوں پر تحریری امتحان رکوانے کیلئے ہائی کورٹ میں دائر پٹیشن ہارون ریاض مغل بنام آزاد حکومت عدالت الیہ آزاد کشمیر میں ہائی کورٹ کے جج جسٹس صداقت راجہ نے آج صبح سماعت کی جس میں پیٹیشنرز کی طرف سے سید زوالقرنین نقوی ایڈووکیٹ سپریم کورٹ اور ہارون ریاض مغل سپریم کورٹ نے دلائل پیش کئے ۔ وکلاء کے دلائل مکمل ہونے کے بعد عدالت عالیہ کے جج نے پٹیشن کو خارج کرتے ہوئے محکمے کو ہدایت کی کہ وہ ٹیسٹ کا انعقاد کرائے۔ وکلا کا موقف تھا کہ ٹیسٹ انٹرویو کے ذریعے ماورائے آئین تقرریوں کی جا رہی ہیں جسے عدالت نے تسلیم کرنے سے انکار کردیا.

دوسری جانب ٹیسٹ میں شرکت کرنے والے امیدواروں نے دعویٰ کیا ہے کہ سیکرٹری لوکل گورنمنٹ بورڈ کو وزیر لوکل گورنمنٹ نے اپنے من پسند افراد کی تعیناتیوں کیلئے سات افراد کی لسٹ سونپ رکھی ہے،ان میں چار افراد و وزیر لوکل گورنمنٹ راجہ نصیر کے، سیکرٹری بورڈ کے دو اور ایک شخص وزیراعظم آزادکشمیر کا بھانجا بتایا جاتا ہے جسے تعینات کیا جانا ہے۔

امیدواروں کا کہنا ہے کہ ہم نے گزشتہ ایک ہفتے قبل ہی سوشل میڈیا پر بتا دیا تھا کہ وزیر لوکل گورنمنٹ اور وزیراعظم آزادکشمیر کی مرضی کے مطابق ان نامزد امیدواروں کو محکمہ میں فرضی ٹیسٹ انٹرویو کے بعد بھرتی کیا جائیگا،سیکرٹری کارپوریشن کی آسامی کے لیے محمد افضال ولد محمد تسلیم تحصیل و ضلع کوٹلی،اسسٹنٹ سیکرٹری کی آسامی کیلئے اشتیاق اسلم ولد محمد اسلم تحصیل و ضلع ہٹیاں،اسسٹنٹ اکاونٹس آفیسر کی آسامی پر محمد دانیال ولد محمد تسلیم تحصیل و ضلع کوٹلی،سٹوریج آفیسرکی آسامی پر محمد سرفراز ولد مگمد شہباز تحصیل و ضلع کوٹلی،پبلک ریلیشن آفیسر کی آسامی پر محمد شہزاد ضلع مظفرآباد اورایس ڈی او کی آسامی پر محمد مجاہد افتخار ولد محمد افتخار تحصیل و ضلع کوٹلی کو تعینات کیا جائے گا،ان میں ایک وزیراعظم آزادکشمیر کے بھانجے بھی شامل ہیں۔

سٹیٹ ویوز سے گفتگو کرتے ہوئے سیکرٹری لوکل گورنمنٹ و ممبر لوکل گورنمنٹ بورڈ راجہ اعجاز خان نے کہا کہ آئین و قانون کے مطابق لوکل گورنمٹ بورڈ ایک خود مختار ادارہ ہے اور وزیر لوکل گورنمنٹ اس کے چیئرمین، سیکرٹری لوکل گورنمنٹ، سیکرٹری سروسز و دیگر اس کے ممبر ہوتے ہیں. لوکل گورنمنٹ بورڈ میں آج پی ایس سی طرز کا تحریری امتحان لیا گیا ہے، امتحانی کمیٹی ان دو سو کے قریب امیدواروں جن میں خواتین بھی شامل ہیں کہ تحریری پرچے چیک کر کے میرٹ بنائے گی. ہر اسامی کیلئے ٹاپ فائیو امیدواروں کو عید کے بعد انٹرویو کیلئے بلایا جائے گا اور کامیاب ہونے والوں کو تعینات کیا جائے گا.

وزیر اعظم کے ترجمان کے مطابق وزیراعظم آزادکشمیر راجہ فاروق حیدر خان نے لوکل گورنمنٹ بورڈ میں ہونیوالی تقرریوں کے لیے ٹیسٹ انٹرویو کے دوران سامنے آنیوالی مبینہ طور پر سنگین بے ضابطگیوں کا نوٹس لیتے ہوے سیکرٹری بورڈ سے فوری جواب طلب کیا ہے.

اپنا تبصرہ بھیجیں