کرکٹ ورلڈ کپ کے لیے”جنون “کا نیا گانا بنانے کا اعلان

اسلام آباد(نیوزڈیسک)پاکستانی راک بینڈ جنون نے گزشتہ سال اپنے ہی پرانے گانے کی ریمکس کے ساتھ واپسی کی تھی تاہم اب یہ اپنا ایک نیا گانا جلد ریلیز کرنے جارہے ہیں۔

فیس بک پر جاری ایک ویڈیو میں جنون بینڈ کے گلوکار علی عظمت نے یہ خبر اپنے مداحوں کے ساتھ شیئر کی۔

علی عظمت نے اعلان کیا کہ ‘مجھے آپ کے ساتھ یہ خبر شیئر کرتے ہوئے بےحد فخر محسوس ہورہا ہے کہ جنون بینڈ 15 سالوں بعد ایک مرتبہ پھر پاکستانی کرکٹ ٹیم کو سپورٹ کرنے کے لیے ایک نیا گانا بنانے جارہا ہے’۔

اس سے قبل جنون پاکستانی کرکٹ ٹیم کے لیے ‘جذبہ جنون’ گانا تیار کرچکا ہے جس میں پاکستانی کرکٹ ٹیم کو خراج تحسین پیش کیا گیا تھا۔

اور اب ورلڈ کپ کے آغاز پر اس راک بینڈ نے پاکستانی کرکٹ ٹیم کے لیے ایک اور نئے گانے کا اعلان کیا ہے۔اس ویڈیو میں علی عظمت نے بتایا کہ ‘یہ گانا پاکستان کی پوری عوام کے لیے ہے’۔

ساتھ میں انہوں نے ویڈیو میں ذکر کیا کہ یہ گانا خصوصی طور پر ان لوگوں کے لیے ہے جو کسی بھی وجہ سے قومی دھارے سے الگ ہوگئے۔

جنون بیند کے بانی سلمان احمد کا اس ویڈیو میں کہنا تھا کہ ‘ہم پاکستان کے اتحاد کے لیے ایک ساتھ آرہے ہیں، ہماری کرکٹ ٹیم پاکستان کا سر فخر سے اٹھائے گی’۔اس گانے کی ریلیز کی تاریخ کا اب تک اعلان نہیں کیا گیا۔

خیال رہے کہ جنون بینڈ کا گانا ‘جذبہ جنون’ 1996 میں ریلیز ہوا تھا، جو آج بھی پاکستانی عوام کے درمیان اتنا ہی مقبول ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں