کوئٹہ، دہشتگردی کی کوشش ناکام، خودکش حملہ آور زخمی حالت میں گرفتار

کوئٹہ(سٹیٹ ویوز) کوئٹہ میں دہشتگردی کا منصوبہ ناکام بناتے ہوئے امام بارگاہ میں داخل ہونے کی کوشش کرنے والے دہشتگرد کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق کوئٹہ کے علاقے میکانگی روڈ پر ناصرالعزاء امام بارگاہ پر دہشت گردی کا منصوبہ ناکام بنا دیا گیا ہے۔ دہشت گرد سیکیورٹی فورسز کی جوابی فائرنگ سے زخمی ہو گیا جس سے وہ اپنے مذموم مقصد میں کامیاب نہ ہو سکا۔

فورسز نے علاقہ کو سیل کر دیا ہے۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ خود کش حملہ آور امام بارگاہ میں داخل ہونے کی کوششں کر رہا تھا۔ دہشت گرد کی فائرنگ سے گیٹ پر ڈیوٹی دینے والا پولیس اہلکار بھی زخمی ہوا۔ڈی آئی جی پولیس عبدالرزاق چیمہ کا میڈیا سے گفتگو میں کہنا تھا کہ مغرب کے وقت امام بارگاہ ناصر العزاء میں حملہ آور نے گھسنے کی کوشش کی۔ حملہ آور خاوتون کے لباس میں آیا تھا لیکن اسے دروازے پر ہی روک لیا گیا۔

انہوں نے بتایا کہ اس کے بعد دہشتگرد نے پولیس پر دستی بم حملہ کیا۔ پولیس کی جوابی فائرنگ سے وہ زخمی ہو گیا۔ دہشتگرد کو روکنے والے سپاہی کو جتنی بھی شاباشی دی جائے کم ہے۔ زخمی اہلکار سول ہسپتال میں زیر علاج ہے۔

ڈی آئی جی پولیس عبدالرزاق چیمہ کا کہنا تھا کہ شہر میں دو خود کش حملہ آوروں کی اطلاع تھی، جمعتہ الوداع کے موقع پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔ یوم القدس کے حوالے سے ریلیاں نکالنے ہر پابندی ہوگی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں