شاہ غلام قادراورپیرعلی رضابخاری کادہشت گردی کیخلاف پاک فوج کے ہاتھ مضبوط کرنے پرزور

اسلام آباد(نیوزڈیسک)قائم مقام صدر آزاد جموں و کشمیر شاہ غلام قادر نے کہا کہ پاکستان کی سالمیت،تحفظ اور ترقی سب ترجیحات سے برترہے پاکستان کی باشعور عوام اپنی بہادر مسلح افواج کے قومی عسکری کردار سے آگاہ اور دشمن کے خلاف اس کی للکار کی پشت پر ہیں ملک سے دہشتگردی اور انتہاء پسندی کا ناسور اکھاڑ پھینکنے میں اداروں کی کارکردگی قومی توقعات پر پوری اتری ہے۔ سب نے مل کر پاکستان کو حقیقی معاشی ترقی کی منزل تک پہنچانا ہے ،مضبوط اور مستحکم پاکستان ہی کشمیریوں کی آزادی کا ضامن ہے وہ ستائسویں شب کو قیام پاکستان کی مناسبت اور قومی بیانیہ کے فروغ کے لئے آستانہ عالیہ پیران بساہاں شریف میں منعقدہ “پیغام پاکستان محفل وجدان” سے بطور مہمان خصوصی خطاب کر رہے تھے۔

،محفل کی صدارت ممبر اسمبلی و سجادہ نشین درگاہ بساہاں شریف پیر سید محمد علی رضا بخاری نے کی ، تقریب سے مشائخ علما ،علمی ،ادبی و مقتدر شخصیات نے بھی خطاب کیا۔ سپیکر وقائم مقام صدر آزاد کشمیر نے کہا کہ ملک کو درپیش چیلنجز سے نکالنے کے لئے تمام سٹیک ہولڈرز کو ایک صفحے پر رہنا ہو گا۔ ملکی سلامتی کا انحصار مسلح افواج کی بہادری ، جذبہ حب الوطنی اور پیشہ وارانہ مہارت کے ساتھ ساتھ قومی یکجہتی اور آئینی و جمہوری نظام کی مضبوطی میں ہے ۔ ہمارا یقین ہے کہ پاکستان کا ہر شہری اپنے اپنے مورچے کا سپاہی ہے ۔ قابلِ افسوس بات یہ ہے کہ چند عناصر بے یقینی اور عدم استحکام کا تاثر دے کر قومی یکجہتی کو نقصان پہنچا نے کی کوشش کرتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ حساس معاملات پر قیاس آرائیاں ریاستی اداروں کے درمیان فاصلے پیدا کر سکتی ہیں۔قوم اس بات پر پختہ یقین رکھی ہے کہ ہمارا دفاع سلامتی ، ترقی و خوشحالی ، ہمارے باہمی اتفاق اور تمام ریاستی اداروں کی مضبوطی سے جڑے ہوئے ہیں ۔ ہم دہشت گردی کے مکمل خاتمے اور ترقی اور خوشحالی جیسے بڑے قومی مقاصد کے لیے متحد رہے تو ہی وطن عزیز ترقی کر ے گا۔ہم دہشت گردی کے خلاف جنگ میں قوم کو متحد کر نے اور دہشت گردوں کے بیانیے کو رد کرانے میں میڈیا کے کردار کو سراہتے ہیں۔ میڈیا کے ذمہ دار حلقوں اور تنظیموں ؂ کو چاہیے کہ وہ غیر ذمہ دارانہ عناصر کی حوصلہ شکنی کریں ۔اب عوام اورپاک فوج کا یہ عزم ہے کہ قومی مفاد کو ہر چیز پر ترجیح دی جائے گی اور ریاست کے تمام اداروں کو ملکی مفاد کے حصول کے لیے ہر ممکن مدد فراہم کی جائے گی ۔

پیر علی رضا بخاری نے کہا کہ کشمیریوں کی بھارت سے آزادی کی تحریک پاکستان کے استحکام سے جڑی ہے یہ ملک دنیا بھر کے مسلمانوں کے جذبات کا ترجمان اور کشمیریوں کی امیدوں کا محور و مرکز ہے انہوں نے کہا کہ ایل او سی پر بھارت کی جارحیت کے خلاف بھرپورمقابلہ اور اندرونی محاذ بشمول مغربی سرحد پر دہشتگردوں کی بھرپور سرکوبی۔ دونوں محاذوں پر کامیابی سے ملک کا دفاع کیا جا رہا ہے۔ اب بھارت کی یہ کوشش ہے کہ دہشت گردوں کے خلاف سے پاکستان کی توجہ ہٹاکر اس کو کمزور کیا جائے مگر دشمن ناکام و نامراد رہےگا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں