غازی ملت سردار ابراہیم خان کی خدمات نسل نو کیلئے مشعل راہ ہے،پیرعلی رضابخاری

راولاکوٹ(سٹیٹ ویوز) ممبرقانون ساز اسمبلی آزادکشمیر و سجادہ نشیں درگاہ بساہاں شریف پیر علی رضا بخاری کی ممبر اسمبلی سردار حسن ابراہیم خان کے گھر آمد ان کے والد سابق رکن اسمبلی و سربراہ جموں و کشمیر پیپلز پارٹی سردار خالد ابراہیم کی وفات پر تعزیت کی۔


بعد ازاں آزاد کشمیر کے بانی صدر غازیِ ملت سردار محمد ابراہیم خان اور سردار خالد ابراہیم خان کے مزارات پر حاضری دی اور ان کی ارواح کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی کی۔ممبر قانون ساز اسمبلی پیرسید علی رضا بخاری اور سردار حسن ابراہیم نے ملاقات میں موجودہ سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال بھی کیا۔

اس موقع پر سردار آفتاب عارف، سردار خادم حسین طاہر، سید حیدر علی عادل ،سردار شاہد خان اور دیگر بھی موجود تھے۔پیر علی رضا بخاری نے کہا کہ سردار ابراہیم خان نے تحریک آزادی کشمیر کیلئے گرانقدر خدمات سرانجام دیں نظریہ الحاق پاکستان کے داعی تھے..

مرحوم نے مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کے لئے کئی مرتبہ اقوام متحدہ میں نمائندگی کی۔پیر علی رضا نے غازی ملت سردار ابراہیم خان کی خدمات کو نسل نو کیلئے مشعل راہ قراردیا۔انہوں نے کہا کہ غازی ملت سردار محمد ابراہیم خان نے تحریک آزادی کشمیر میں عملاً حصہ لیا۔


کشمیریوں نے 19جولائی کو جس پلیٹ فارم سے الحاق پاکستان کی قرارداد منظور کی اور وہ اجلاس غازی ملت سردار محمد ابراہیم خان کی رہائشگاہ سری نگر میں منعقد ہواتھا۔انہوں نے کہا کہ غازی ملت سردار محمد ابراہیم خان نے ساری زندگی کشمیریوں کی آزادی ،کشمیریوں کے تشخص اوراداروں کے استحکام کے لئے کام کیا۔

مرحوم کشمیری رہنما بااصول اور باکردار سیاست دان تھے۔جنہوں نے اصولوں پر کبھی سودے بازی نہیں کی اور اپنے موقف پر ہمیشہ ڈٹے رہے ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں