مسلم لیگ ن یو اے ای کا اپوزیشن رہنماؤں کے پروڈکشن آرڈرجاری کرنے کامطالبہ

اسلام آباد(نیوزڈیسک)مسلم لیگ ن یو ا ے ای کے رہنماؤں نے آصف زرداری اورحمزہ شہبازکی گرفتاری کے حوالے سے اپنے موقف میں کہا کہ حکومت چاہتی ہے کہ ساری اپوزیشن کو پابند سلاسل کردیا جائے تاکہ حکومت کی طرف سے کئے جانے والے عوام دشمن اقدامات اور آج جو عوام دشمن وفاقی بجٹ پیش ہونے جارہا ہے اس پر کوئی احتجاج نہ کر سکے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت چاہتی ہے کہ ساری اپوزیشن کو قید کردیا جائے اور ایک لاڈلے کو حکومت کرنے کے لئے کھلا چھوڑ دیا جائے پی ٹی آئی اپوزیشن کے ساتھ جو سلوک کررہی ہے ویسا سلوک تو آمر کے دور میں بھی نہیں ہوا ہو گا ۔آصف زرداری ،حمزہ شہباز ،خواجہ سعد رفیق کی گرفتاریاں اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ آج پیش کیے جانیوالابجٹ عوام دشمن ہوگا جس میں عام آدمی کوکوئی ریلیف نہیں ملنے والا۔حکومت اپوزیشن کے اہم رہنماؤں کو سلاخوں کے پیچھے دھکیل کر اپنے منفی عزائم پورے کرنا چاہتی ہے ۔

مسلم لیگ ن یو اے ای کے رہنماؤں نےمطالبہ کیا ہے کہ بجٹ اجلاس سے قبل آصف زرداری ،خواجہ سعد رفیق اور حمزہ شہبازکے پروڈکشن آرڈر جاری کئے جائیں تاکہ وہ بجٹ کی بحث میں حصہ لے سکیں یہی آئینی اورجمہوری طریقہ کار ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں