راجہ شفیق احمد نے راجہ مجاہد کو ریاستی سیاست میں رواداری کی اعلیٰ مثال قراردیدیا

اسلام آباد(سٹیٹ ویوز)چیئرمین مسلم لیگ ن اوورسیز و میڈیا ایڈوائزر راجہ شفیق احمد خان نے کہا ہے کہ سابق امیدوار ممبر اسمبلی راجہ مجاہد ریاستی سیاست میں رواداری، وضع داری اور اعلی ظرفی کا استعارہ ہیں جنہوں نے اپنی سیاسی زندگی میں اعلے اخلاقی قدروں اور فراخدلانہ روایات کی نئی مثالیں قائم کی ہیں ۔وہ نہ صرف نام کے مجاہد ہیں بلکہ اپنے اجلے اور نفیس مجاہدانہ کردار و عمل سے بھی اسم باسمی ہیں جن کی سحرانگیز شخصیت ہمارے لئے کسی اثاثے سے کم نہیں ۔

انہوں نے کہا کہ راجہ مجاہد کا بطور ممبر اسمبلی سیاسی کردار عوامی خدمت، شرافت اور اعلے سیاسی و اخلاقی روایات سے عبارت ہے جو ہمارے لئے باعث فخر ہے ۔

راجہ شفیق احمد خان نے کہا کہ خود میری سیاسی اٹھان ، پہچان اور میرے سیاسی کردار میں راجہ مجاہد کا ایک اہم، کلیدی اور قابل قدر کردار ہے جنہوں نے نہ صرف مجھے سیاست میں کھلے دل سے ویلکم کیا بلکہ قدم قدم پر بڑے بھائی کی طرح میری رہنمائی کی اور شفقت سے نوازا۔ 2010 میں جب میں نے سیاست کے میدان کارزار میں قدم رکھا تو یہ راجہ مجاہد ہی تھے جنہوں نے مجھے ہارپہنائے ، جگہ جگہ میرا استقبال کیا اور مجھے عقام کے اندر متعارف کروایا ۔

انہوں نے مزید کہا کہ ایک ایسے وقت میں کہ جب سیاست میں برداشت ، دوسروں کی حوصلہ افزائی اور راستہ دینے کی روایات معدوم ہوچکی ہیں یہ راجہ مجاہد ہی کا خاصا ہے کہ انہوں نے کھلے ظرف اور وسیع القلبی کا بے مثال مظاہرہ کرتے ہوئے خود حلقے سے امیدوار اسمبلی ہونے کے باوجود دیدہ و دل میرے لئے فرش راہ کئے اور سیاست میں نئی روایات قائم کیں۔ میرے جذبات واحساسات کومہمیز دی اور کوئی مفاد یا مصلحت نہ ہونے کے باوجود بھی اپنی سرپرستی اور رہنمائی سے مجھے نوازا جس پر میں ہمیشہ ان کا احسان مند رہوں گا۔ انہوں نے کہا کہ یہ بھی ایک تلخ حقیقت ہے کہ جن لوگوں کے لئے میں نے بہت کچھ انہوں نے ہمیشہ میری ٹانگیں کھینچیں اور مجھے مایوسی کے سوا کچھ نہ دیا لیکن راجہ مجاہد ایسے وسیع ظرف اور مجاہد صفت قائد ہیں جن کیلئے میں نے کچھ نہیں کیا اور انہوں نے مجھے بہت کچھ دیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں