آسٹریلوی بلے باز محمد عامر کو داد دیے بغیر نہ رہ سکے

لندن(ویب ڈیسک) ورلڈکپ میں پاکستان کیخلاف سنچری اسکور کرنے والے آسٹریلوی بیٹسمین ڈیوڈ وارنر نے اعتراف کیا کہ محمد عامر کو کھیلنا ان کیلئے مشکل تھا۔وارنر کا کہنا ہے کہ پیسر محمد عامر ایک ورلڈ کلاس بولر ہیں اور جب گیند کو سوئنگ کرتے ہیں تو مشکلات پیش آتی ہیں-

سوئنگ اور سیم دونوں ہوں تو عامر کا سامنا کرنا انتہائی دشوارہوجاتا ہے، پیسر کی بولنگ پر زیادہ اسٹروکس کھیلنے کی بجائے گیندیں چھوڑنے کو ترجیح دی لیکن اس پچ پر اسٹرائیک تبدیل کرنے رہنا بھی آسان نہ تھا، وکٹ پر بولنگ کیلیے زیادہ سپورٹ تھی-

اس لیے ٹیسٹ میچ والا انداز اپنایا۔اپنی اننگز کے بارے میں وارنر نے کہا کہ وہ کافی عرصہ سے اس طرح کی کارکردگی کے منتظر تھے، افغانستان کیخلاف ردھم میں نہیں تھا، ویسٹ انڈیز کے مقابل بھی ٹھیک طرح سے اسکور نہیں کرپایا، بھارت نے اچھی بولنگ کی جس کی وجہ سے رنز بنانے میں مشکل ہوئی-

پاکستان کیخلاف انہیں اپنے مزاج کے مطابق کھیلنے کا موقع ملا جس کا فائدہ اٹھایا، معلوم تھا کہ محمد حفیظ اور شعیب ملک کے 10 اوور ہونے ہیں اور ان دونوں کو ہدف بنانا ذہن میں تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں